چمن، اسلام آباد، لاہور، کراچی ( 92 نیوزرپورٹ،صباح نیوز، خصوصی نیوز رپورٹر، سپیشل رپورٹر، سٹاف رپورٹرز ) چمن میں مال روڈ پر ڈی پی او آفس کے قریب دھماکے میں6 افراد شہیداور21 سے زائد زخمی ہو گئے ، وزیراعظم عمران خان،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال ، وزیر اطلاعات شبلی فراز، چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی سمیت سیاسی رہنماؤں نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے موٹرسائیکل میں ریموٹ کنٹرول بم نصب کر رکھا تھا ،اس دوران یہاں سے اینٹی نارکوٹکس فورس کی گاڑی گزر ی تو دہشت گردوں نے ان کو نشانہ بناتے ہوئے دھماکہ کر دیا جس کے نتیجے میں6 شہری شہیداور 21 زخمی ہو گئے ، زخمیوں میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے دو اہلکار بھی شامل ہیں۔زخمیوں میں سے 6کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جنہیں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ۔واقعہ کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کئے ۔ سکیورٹی حکام کے مطابق تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال ، وزیر اطلاعات شبلی فراز، ڈپٹی چیئرمین سینٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا،قائد حزب اختلاف سینٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق، ن لیگ کے صدر، قائد حزب اختلاف شہباز شریف سمیت سیاسی رہنماؤں نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے ۔وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دشمن نے ایک مرتبہ پھر بلوچستان کے امن کو تہہ و بالا کرنے کی مذموم کوشش کی،دہشتگردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے ۔ ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا کہ عوام کے تعاون سے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائیں گے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر بلوچستان کی ترقی اور استحکام کے مخالف ہیں ۔چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے ۔دریں اثنا حب چوکی شیرعلی پمپ کے قریب کریکر حملے میں 6افراد زخمی ہوئے جنہیں ایدھی ایمبولنس کے ذریعے سول ہسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا۔کریکر بم حملے کے بعد سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ۔