ملتان(حسیب اعوان سے )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس محمد قاسم خان آج اپنے 62 ویں جنم دن کے موقع پر اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے ۔ فاضل جج 19 فروری 2010 کو ہائیکورٹ کے جج کے عہدے پر فائز ہوئے اور 19 مارچ 2020 کو چیف جسٹس بنے تھے ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 19 مارچ 2020 سے 31 مئی 2021 تک لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ نے 81 ہزار 540 مقدمات کے فیصلے کیے ، ہائیکورٹ ملتان بینچ نے 32 ہزار 538 مقدمات نمٹائے ،بہاولپور بینچ میں 20 ہزار 670 مقدمات فیصلہ کن رہے ، راولپنڈی بینچ میں 10 ہزار 305 مقدمات کا فیصلہ کیا گیا، اس طرح چیف جسٹس محمد قاسم کے دورانیے میں ہائیکورٹ نے ایک لاکھ 45 ہزار 53 مقدمات نمٹائے ۔ جبکہ پنجاب بھر کی سول عدالتوں نے یکم مارچ 2020 سے 19 جون 2021 تک 18 لاکھ 97 ہزار 456 مقدمات کے فیصلے کیے جبکہ صوبہ بھر کی سیشن کورٹس نے 8 لاکھ 88 ہزار 592 نمٹائے ہیں۔ چیف جسٹس نے عدالتی امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کاوشیں کیں۔