بیجنگ،لاہور،اسلام آباد (جنرل رپورٹر،خبر نگار خصوصی ،اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)چین میں کرونا وائر س سے مزید24افراد کی ہلاکت کے بعدمرنے والوں کی تعداد 106 ہوگئی جاپان اور جرمنی میں بھی ایک ایک کیس رپورٹ ہوا جبکہ پاکستان میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ۔بیجنگ میں وائرس سے پہلی ہلاکت ہوئے ہے مرنے والی بچی تھی جس کی عمر 9ماہ تھی ،ملک بھر میں 4000 متاثرین ہیں ،اے ایف پی کے مطابق جاپان نے بھی ایک شخص میں کرونا وائر س کی تصدیق کی ہے ،چین کی حکومت نے شہریو ں کو ہدایت کی ہے کہ وبا کے پیش نظر بیرون ملک دورے ملتوی کردیں،دوسری جانب چین کے صدر شی جن پنگ نے ڈبلیو ایچ او کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وائرس کے جن سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہیں اس حوالے سے اطلاعات سمیت ہرقسم کی شفافیت یقینی بنائی جائے گی۔ چین میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ پریشان ہیں جبکہ معاون وزیر اعظم ظفر مر زا نے ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز کی ہدایت کی ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چین میں پاکستانی قونصل خانے گوانگ زائو میں ہاٹ لائن قائم کردی گئی ہے ،قونصل جنرل ڈاکٹر دیار خان سے 8618813294841پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق متاثرہ افراد کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے حکام کے مطابق 1300 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں ۔آن لائن کے مطابق جرمنی میں حکام کا کہنا ہے کہ جس شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے وہ جنوبی ریاست باویریا سے تعلق رکھتا ہے ،جرمن حکومت چینی شہر ووہان میں پھنسے اپنے شہریوں کو واپس لانے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔این این آئی کے مطابق وائرس سے خوف زدہ چین میں مقیم پاکستانی طلبہ واپسی کے خواہشمند ہیں،طلبہ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی کچھ پروازیں منسوخ ہوئی ہیں جبکہ اس وقت دستیاب پروازوں کی ٹکٹ بہت مہنگی ہے ،متاثرہ شہر ووہان میں موجود ایک طالبہ فرح ڈگری مکمل ہونے پر اب پاکستان جا رہی تھیں لیکن 29 جنوری تاریخ کے لیے ان کی فلائٹ کینسل کی جا چکی ہے ،پاکستانی ایمبیسی کی جانب سے پاکستانیوں کو یہی تجویز دی گئی ہے کہ وہ چینی حکومت کے ہدایت نامہ پر عمل کریں اور ان سے تعاون کریں۔اسلام آباد سے خبر نگار خصوصی کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفرمرزا کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انہوں نے ہدایت کی ہے کہ کرونا وائرس کے ممکنہ کیس کی صورت تمام ہسپتالوں میں علیحدہ وارڈ مختص کئے جائیں، وفاق اور صوبے اپنے رابطے کو مضبوط بنائیں۔لاہور سے جنرل رپورٹر کے مطابق مشیر صحت پنجاب حنیف پتافی نے ڈی جی ہیلتھ پنجاب کے دفتر کا دورہ کیا اور کرونا وائرس سے بچائو کے اقدامات کا جائزہ لیا۔سیالکوٹ سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق ائیر پورٹ پر کرونا وائرس کی تصدیق کیلئے ہیلتھ یونٹ قائم کردیا گیا ۔ حکام نے ووہان میں ایک ہزار بستروں پر مبنی ہسپتا ل کی پہلی منزل صرف سولہ گھنٹوں میں تعمیر کرلی منصوبے کو اسی تعمیراتی کمپنی نے مکمل کیا جس نے ملتان سکھر موٹر وے بھی بنائی تھی۔کراچی میں کرونا وائرس کے 6مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے ایک بھی پازیٹو نہیں آیا ۔اے ایف پی کے مطابق امریکہ نے چین سے مطالبہ کیا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے حقائق سے درست طورپر آگاہ کیا جائے اور معاملہ شفاف رکھا جائے ۔پشاور سے خبر نگار کے مطابق پشاور سمیت صوبے کے 7بڑے ہسپتالوں میں علیحدہ وارڈ ز قائم کرنے کی ہدایات کی گئی ، کتے یا بلی سے وائرس منتقل ہونے کے خدشات ظاہر کئے گئے ہیں، باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر خصوصی ٹیموں نے مسافروں کی سکریننگ کی،خیبر پختونخوا میں مختلف پراجیکٹس میں کام کرنے والے پاکستانی اور چینی شہریوں کی سکریننگ کا عمل شروع کردیاگیاہے ۔