بیجنگ (اے پی پی) چین میں جنوری کے دوران کمرشل بینکوں کی جانب سے 3.23 ٹریلین یوان (477 ارب ڈالر) کے قرضے جاری کیے گئے جو کسی بھی ایک ماہ میں جاری کیے گئے ریکارڈ قرضے ہیں جس کا مقصد سست ہوتی ملکی اقتصادی شرح نمو کی بہتری کے لیے سرمایہ کاری میں اضافہ ہے ،اس سے قبل کسی ایک ماہ میں جاری قرضوں کی زیادہ سے زیادہ مالیت 2.9 ٹریلین یوان ہے ۔پیپلز بینک آف چائنہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جنوری کے دوران کمرشل بینکوں میں 3.23 ٹریلین یوان کے قرضے جاری کیے گئے جو دسمبر کے دوران جاری ہونے والے قرضوں کی نسبت کہیں زیادہ ہیں۔دسمبر کے دوران کاروباری قرضوں کی مالیت 473.3 ارب یوان رہی جبکہ ہائوس ہولڈ قرضوں کا حجم 989.8 ارب یوان رہا۔ماہرین نے جنوری کے دوران بینکوں کی جانب سے 2.8 ٹریلین یوان مالیت کے قرضے جاری کرنے کی پیش گوئی کی تھی۔