اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)آرمی چیف نے کراچی کا دورہ کیا،دورے کے دوران انہوں نے گیریژن افسران سے خطاب کیا ، آرمی چیف نے پیسز چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی اورمشینی دستوں کی تربیتی مشق کا مشاہدہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسران سے ماحول، چیلنجز اور ریسپانس پر گفتگو کی ۔تربیتی مشق میں شریک جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے باوجود جوانوں کی مہارت اور تربیت اہم ہیں، جسمانی فٹنس اور اعلیٰ تربیتی معیار پاک فوج کا طرہ امتیاز ہے ۔آرمی چیف نے چیمپئن شپ میں فاتح افسران اور جوانوں میں انعامات بھی تقسیم کیے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گوجرانوالہ کور کی ٹیم نے 8 ویں آرمی پیسز چیمپئن شپ جیت لی جب کہ انجینئر سینٹر ٹیم 7 ویں ینگ سولجرز پیسز چیمپین شپ کی فاتح رہی۔اس موقع پر کور کمانڈر کراچی بھی انکے ساتھ تھے ۔