اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) کمانڈر نیوی اسلامی جمہوریہ ایران، رئیر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی کا کراچی میں پاک بحریہ کی مختلف تنصیبات اور یونٹس کا دورہ، کمانڈر کراچی اور کمانڈر کوسٹ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں ۔کراچی آمد پر معزز مہمان نے مزارِ قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعدازاں رئیر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی نے پاک بحریہ کے مختلف یونٹس بشمول جنگی جہاز ، پاکستان نیول اکیڈمی ، میرینز ٹریننگ یونٹ اور پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں واقع دیگر تنصیبات کا بھی دورہ کیا۔تنصیبات کے دورے کے دوران معزز مہمان کو بریفنگز بھی دی گئیں۔ کمانڈر نیوی اسلامی جمہوریہ ایران نے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کو آرڈینیشن سینٹر کا بھی دورہ کیا جہاں مہمان کو اس ادارے کی افادیت اور ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ معزز مہمان نے اس شعبے میں باہمی تعاون اور بہتر رابطے کے تصور اور جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کو آرڈینیشن سینٹر کے قیام کو سراہا۔قبل ازیں کمانڈر کراچی اور کمانڈر کوسٹ سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور بالخصوص بحری شعبے میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ توقع ہے کہ کمانڈر نیوی اسلامی جمہوریہ ایران کے اس حالیہ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور دونوں بحری افواج کے مابین بالخصوص دفاعی تعلقات کو مزید وسعت حاصل ہو گی۔