لاہور( کامرس رپورٹر،نامہ نگارخصوصی، آن لائن ) کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان کر دیا گیا ، کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات پنجاب کے کل 119 وارڈز میں سے مسلم لیگ ن 51 وارڈز میں کامیابی کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی۔ تحریک انصاف نے 28نشستوں پر کامیابی حاصل کی، الیکشن کمیشن کے مطابق 28آزاد امیدوارجبکہ دو وارڈز جماعت اسلامی کو ملے ۔ دو امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے ، چار وارڈ خالی جبکہ دو وارڈز میں الیکشن ملتوی کیے گئے ۔ لاہور کینٹ کی دس نشستوں میں سے مسلم لیگ ن کو6، تحریک انصاف کو تین اور ایک آزاد امیدوار کو کامیابی ملی جبکہ لاہور والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے تمام 9وارڈز مسلم لیگ ن نے جیت لیے جبکہ ایک وارڈ کا الیکشن ملتوی ہوا۔بہاولپور کینٹ کے پانچ وارڈ ز میں سے تین پر مسلم لیگ ن اور دو پر تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہوئے ۔ ملتان کینٹ کے دس وارڈز میں سے ایک میں مسلم لیگ ن جبکہ 9پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ۔اوکاڑہ کینٹ میں ایک تحریک انصاف اور چار آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ۔سیالکوٹ کینٹ کے پانچ وارڈز میں سے تین پر پی ٹی آئی اور دو پر مسلم لیگ ن کامیاب ہوئی۔کھاریاں کے دو وارڈز میں تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہوئے ۔گوجرانوالہ کینٹ کے دس وارڈز میں سے 6پر تحریک انصاف، دو مسلم لیگ ن اور دو آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ۔شورکوٹ کینٹ کی دو نشستیں آزاد امیدواروں کے نام رہیں۔ سرگودھا کینٹ کے دس وارڈز میں تین پی ٹی آئی، دو مسلم لیگ ن اور پانچ وارڈز آزاد امیدوار کے حصے میں آئے ۔ جہلم کینٹ کے دونوں وارڈز میں تحریک انصاف کامیاب رہی جبکہ منگلا کینٹ کے دو وارڈز میں سے ایک پر مسلم لیگ ن اور ایک پر تحریک انصاف کامیاب ہوئی۔اٹک کینٹ کے دو وارڈز میں سے ایک پر آزاد اور ایک پر مسلم لیگ ن کا امیدوار کامیاب ہوا۔سنجوال کینٹ کے دونوں وارڈ پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ۔ کامرہ کینٹ کے پانچ وارڈز میں سے چار خالی، ایک پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔مری ہلز کینٹ میں ایک وارڈ میں پی ٹی آئی اور دوسرے میں مسلم لیگ ن کامیاب رہی ۔ٹیکسلا کینٹ میں تین پر مسلم لیگ ن اور دو پر تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہوئے ۔واہ کینٹ کے دس وارڈز میں سے آٹھ پر مسلم لیگ ن اور دو وارڈز میں تحریک انصاف کو کامیابی ملی۔ چکلالہ کینٹ کے دس وارڈز میں سے 5پر مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیاب ہوئے ، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے حصے میں دو دو جبکہ ایک آزاد امیدوار کامیاب ہوا۔راولپنڈی کینٹ کے دس وارڈز میں سے 7 پر مسلم لیگ ن ، دو پر آزاد امیدوار جبکہ ایک نشست پر الیکشن ملتوی کیے گئے ۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں حصہ لینے والے تحریک انصاف کے امیدوا کی درخواست پرالیکشن کمشن نے وارڈ نمبر 5 کے ریٹرننگ افسر کوحتمی نتائج جاری کرنے سے روک دیا،الیکشن کمیشن نے درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ افسراورمخالف امیدوار اور دیگر کو 23 ستمبر کے لئے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ الیکشن کمیشن 20 ستمبر کو حتمی نتائج کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔