لاہور،اسلام آباد،سیالکوٹ ( سٹاف رپورٹر ، ڈسٹرکٹ رپورٹر ،این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ مئی میں مہنگائی 17 فیصد اور اپریل میں 21 فیصد کی بلند ترین سطح پر رہی، یہ عوامی حقیقت ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ اس مہنگائی سے عام لوگ، مڈل کلاس پس کر رہ گئی ،ایک سال میں غریب عوام کے بجلی کے بلوں میں 60 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ،حکومت کی پالیسیوں اور نااہلی کے سبب مہنگائی کا سونامی معاشرے کو بے رحمی سے نگل رہا ہے ، مافیاز کے پیٹ بھرنے والی حکومت نے پانچ کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے دھکیل دئیے ، عوام دشمن بجٹ کی مخالفت کریں گے ۔ شہباز شریف سے پارٹی رہنما خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی،شہباز شریف نے خواجہ برادران کے جذبے ، نظریاتی وابستگی اور سیاسی جرات کو سراہا۔مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے سیالکوٹ میں خوش اختر سبحانی کی وفات پر اہلخانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہے ، کوئی جماعت پی ڈی ایم میں رہے یا نہ رہے مگر اپوزیشن کا تو سب ہی حصہ ہیں ، مرغی کے ریٹ کا الزام لگانے والے بتائیں کہ جب میں دو سال جیل میں رہا تو اس وقت کون ریٹ نکالتا تھا ،جھوٹے دعوے اور سبز خواب دکھانے سے لوگوں کے پیٹ نہیں بھرتے ۔ لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام پری بجٹ سیمینار آج اسلام آباد میں ہوگا ،حکومت کے تین سال کی معاشی اور دیگر شعبہ جات میں کارکردگی کا جائزہ لیا اور حقائق پیش کئے جائیں گے ،گردشی قرض میں اضافے ، بجلی اور گیس کی قیمتوں پر ماضی اور حال کا فرق واضح اور اس کی وجوہات سامنے لائیں گے ۔ مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے کہا ہے کہ نیب کو وقت ملے تو معلوم کرلے کہ کس کی جیبوں میں پیسہ گیا ، احتساب کو جتنا نقصان عمران خان نے پہنچایا کسی نے نہیں پہنچایا، زلفی بخاری کی آمدن بڑھی ہے کیونکہ وہ اپنا پرائیویٹ جہاز لے کر دبئی گئے ، دو سال سے افراط زر 10 فیصد سے نیچے نہیں گیا، چند لنگر خانوں سے پاکستانیوں کا گزارا نہیں ہوگا۔