اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی حکومت نے قومی ایئر لائنز کے ملکیتی روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے پی آئی اے کے روزویلٹ ہوٹل نیویارک کو جوائنٹ وینچرز کے ذریعے چلانے کیلئے نجکاری کمیشن کو مالیاتی مشیر مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا اجلاس میں فیصلہ ہوا، اجلاس میں روز ویلٹ ہوٹل کے مستقبل کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔ کمیٹی نے روز ویلٹ ہوٹل نیو یارک کی نجکاری کے حوالے سے قائم ٹاسک فورس کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا فیصلہ کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ روز ویلٹ ہوٹل کو نئے سرے سے تعمیر کیا جائے گا۔ ٹاسک فورس میں وزیر نجکاری، معاون خصوصی زلفی بخاری شامل تھے ، ایوی ایشن، نجکاری اور خزانہ کے سیکرٹریز بھی ٹاسک فورس کا حصہ تھے ، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے ٹاسک فورس کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی بھی منظوری دیدی۔ روزویلٹ ہوٹل کو نجی پارٹی کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے ذریعے چلایا جائے گا۔اسکے علاوہ کہا گیا کہ روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری نہیں کی جائے گی، روز ویلٹ ہوٹل کو جوائنٹ وینچر پر چلانے کے لیے فنانشل ایڈوائزر تعینات کرنے کا فیصلہ ہوا ۔ نجکاری کمیشن کو روز ویلٹ ہوٹل کا فنانشل ایڈوائزر تعینات کرنیکی ہدایت کردی۔اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی کہ روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری پر بہت ٹیکس دینا پڑیں گے ، روز ویلٹ ہوٹل کے بارے میں تمام فیصلے میرٹ پر کیے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق روزویلٹ میں حالات کے مطابق فیصلے کیے جائیں گے ، جلد بازی نہیں کی جائے گی، وزارت نجکاری کو بورڈ سے مشاورت کے بعد مالیاتی مشیروں کی نامزدگی کا کام شروع کرنے کے متعلق ہدایات دی گئیں۔