لاہور (رانا محمد عظیم )پنجاب بھر میں سرکاری اور پولیس افسروں کی مختلف شہروں میں نجی رہائشگاہوں اور خاص مہمانوں کی انکوائری شروع کردی گئی ،اس حوالے سے اداروں کو نہ صرف ثبوت ملے بلکہ کئی اہم ترین ویڈیوز بھی ہاتھ لگ گئی ہیں۔ نجی رہائش گاہیں بنا کر وہاں محفلیں سجانے والے سرکاری افسران کے حوالے سے انکوائری شروع ہوگئی ، کس کس علاقے میں کس کس سرکاری افسر بالخصوص پولیس افسران پرائیویٹ رہائش گاہیں لیکر وہاں پر محفلیں سجاتے ہیں ان محافل میں کون ،کون آ تا ہے ان کا کرایہ اور اخراجات کو ن اٹھا تا ہے ۔ ایس ایس پی مفخر عدیل کی لاہور میں پرائیویٹ ر ہائش گاہ اور وہاں پر ہونے والی سرگرمیوں کے بعد یہ اقدام شروع کیا گیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ،اسلام آ باد، مری، جہلم ، گجرات ،ملتان ، اور راولپنڈی میں کئی ایسی رہائش گاہوں کے حوالے سے ثبوت مل چکے ہیں جو پولیس اور دیگر سرکاری افسران نے پرائیویٹ طور پر کرائے پر لے رکھی ہیں جہاں ان کی فیملیز نہیں رہتیں بلکہ وہاں پر غیر اخلاقی سرگرمیاں ہوتی ہیں ۔با وثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں بڑے فارم اور گیسٹ ہائوسز کے حوالے سے بھی ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے ۔مصدقہ ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ لاہور کے ایک پوش ترین علاقہ میں ویک اینڈ پر ہونے والی تین بڑی پارٹیوں میں بھی اہم ترین سرکاری افسروں کے جانے کے نہ صرف ثبوت ملے بلکہ کئی اہم ترین ویڈیوز بھی ہاتھ لگی ہیں۔ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ کچھ ایسے ثبوت ملے کہ مختلف جرائم پیشہ افراد ان کے اخراجات اٹھاتے ہیں ۔