اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے 18جولائی کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں تین کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا،جعلی مقابلے کا اعتراف بھارتی فوج خود کر رہی ہے ۔اپنے ایک بیان میں مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی فوج نے پچھلے تین مہینے سے نوجوانوں کو حراست میں لے رکھا تھا،نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کرنے کے بعد انکی لاشیں مسخ کی گئیں ،بھارتی فورسز نے لاشیں بھی ورثا کے حوالے نہیں کیں ،کشمیر کے ہر گھر میں جعلی مقابلے کی داستان موجود ہے ، بھارتی فورسز نوجوانوں کو اٹھا کر لے جاتی ہیں اور جعلی مقابلے میں شہید کر دیتی ہیں،اقوام متحدہ بھارتی بربریت کا نوٹس لے ، جعلی مقابلوں کی آزادانہ انکوائری کر ائے ،بھارتی فوج جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے ۔