لاہور(نیٹ نیوز )اداکارہ نادیہ جمیل نے کہا ہے کینسر میری زندگی کا اختتام نہیں ۔ایک دن ہم سب کی زندگیاں ختم ہو جانی ہیں، یہ ایک طے شدہ حقیقت ہے جو ہم اپنے سفر کے بارے میں جانتے ہیں۔ ہماری زندگیوں کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ ہم پریشانیوں اور رکاوٹوں سے کیسے نپٹتے ہیں اور یہ مشکلات ہمیں یاد دہانی کراتی رہتی ہیں کہ زندگی ابھی ختم نہیں ہوئی۔اپنے ٹویٹس میں انہوں نے کہا میں صبر سیکھنے اور ممکنہ خدشات سے نبردآزما ہونے کیلئے مسلسل کوشش میں ہوں، جس میں میں فتحیاب ہوں گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ برسوں پہلے ان ننھے فرشتوں کینسر کے مریض بچوں کے ساتھ کام کر کے مجھے معلوم ہوا کہ وہ بہادر ہیں لیکن آج جب میں خود ایک کینسر سے لڑنے والی مریضہ ہوں،خوف کا شکار ، ٹوٹے ہوئے جسم اور کمزور روح کا سامنا کر رہی ہوں ، میں ان بچوں کو سلام پیش کرتی ہوں ، جنہیں معلوم نہیں تھا کہ وہ کس مشکل سے گزر ہے ہیں ، لیکن تکلیف میں بھی مسکراتے تھے ۔