کراچی (سٹاف رپورٹر ) احسن آباد اللہ بخش گوٹھ اور بروہی گوٹھ میں تجاوزات کے خلاف پولیس آپریشن کے دوران علاقہ مکینوں نے ہنگامہ آرائی شروع کردی اورسینکڑوں مکین سڑکوں پر نکل آئے ۔اس موقع پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج شیلنگ اور ہوائی فائرنگ سے علاقہ میدان جنگ بن گیا،کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے صورتحال پر قابو پالیا۔ہنگامہ آرائی کے دوران تین افراد زخمی ہو گئے جبکہ پولیس نے ایک درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ۔ آپریشن کے لیے محکمہ انسداد تجاوزات سیل کی ٹیم بھاری مشینری کے ہمراہ پہنچی تو سینکڑوں کی تعداد میں علاقہ مکین احتجاج کرتے ہو ئے سڑکوں پر نکل آئے اور آپریشن بند کرنے کا مطالبہ کرتے رہے لیکن اینٹی انکروچمنٹ کا عملہ پولیس کی موجودگی میں گھر اور دکانیں مسمار کرتا رہا۔ مظاہرین نے پتھراؤ کرنے کے ساتھ رکاوٹیں رکھ کر سڑک بند کردی اور ہنگامہ آرائی شروع کردی جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی اضافی نفری علاقے میں پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کر نے کی کوشش کی ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اللہ بخش گوٹھ اور بروہی گوٹھ کے مکینوں نے عدالت سے حکم امتناع لیا ہوا تھا اس کے باوجود ہمارے گھر توڑے جارہے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی ہنگامہ آرائی پر قابو پاتے ہو ئے مظاہرین کو منتشر کردیا ، ہنگامہ آرائی کے دوران متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ۔ پولیس کے مطابق اعلی افسروں کے حکم کے بعد ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ و سرکاری کام میں مداخلت کرنے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔