کراچی (سٹاف رپورٹر) شہر قائد کے پوش علاقے ڈیفنس سے اغوا کی گئی دعا منگی گھر واپس لوٹ آئی ،دعامنگی گزشتہ رات اڑھائی بجے گھرپہنچی،ذرائع کے مطابق مغویہ کو ڈیڑھ سے 2 کروڑ روپے تاوان دیکر اغوا کاروں کے چُنگل سے رہا کروایا گیا لیکن اہلخانہ نے میڈیاسے گفتگومیں تاوان کی ادائیگی کی خبروں کی تردید کردی۔دعاکی والدہ نے کہاکہ بیٹی کی بازیابی کیلئے کوئی تاوان ادانہیں کیا،اللہ نے دعاقبول کرلی،مغوی لڑکی کی خیریت سے واپسی نے پولیس تفتیش پر سوالات اٹھا دئیے ۔دعا منگی کے اغواء اور واپس گھر آنے تک پولیس صرف اندھیرے میں تیر چلاتی رہی اور سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے سے آگے نہ بڑھ سکی ، شہریوں کے رکھوالے اغواء کاروں کی گاڑی کا سراغ تک نہ لگا سکے ،پولیس کی ناکامی کے بعد اہلخانہ نے معاملات اپنے ہاتھ میں لیے اور تاوان ادا کرکے دعا منگی کی جان چھڑوائی ، مغویہ کو ایک ہفتے قبل دوست کے ساتھ راستے سے چلتے ہوئے اغوا کیا گیا تھا ۔