کراچی(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) پی ڈی ایم نے کرپٹ حکومت کو دفن کرنے اور مہنگائی کا سونامی روکنے کیلئے اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کر دیا۔کراچی کے باغ جناح میں پی ڈی ایم کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاجعلی حکمرانوں کے تین سالوں نے پاکستانی ریاست کو غیر محفوظ کردیا، دنیا آگے لیکن ہم پیچھے کی طرف جا رہے ، ہم نے اپنے سفر کو تھوڑا سا روکا تو تبصرے کئے گئے پی ڈی ایم ختم ہوگئی لیکن ہم اس مسلط کردہ ناجائز حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے ، آج کا جلسہ بتا رہاہے پی ڈی ایم زندہ اور فعال ہے اور اپنی منزل کی طرف رواں دواں، سفر روکا ہے نہ روکیں گے ، ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی کا طوفان ہے ،معیشت جمود کاشکارہے ، حکومت نے لوگوں کا جینا مشکل کیا ہوا ہے ، اس سے عوام کو نجات دلائیں گے ،پاکستان نااہلوں کیلئے نہیں بناتھا،اب انقلاب کے سوا کوئی ر استہ نہیں، جو حلقے اس حکومت کی پشت پناہی کررہے ان سے بھی مقابلہ کرنا ہے ، ہم نے کس کے مفادات کیلئے اپنے جغرافیہ کو تبدیل کردیا،جس وزیراعظم کو کشمیر پر ریاستی موقف کا علم نہ ہو ایسے شخص کے ہاتھ میں کشمیردینا کشمیر بیچنے کے مترادف ہے ۔ا نہوں نے اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا اب پاکستان میں جلسے ہی نہیں روڈ کارواں بھی چلیں گے ، عمران خان نے پاکستان کودنیا میں تنہاکردیا ،یہ بزدل پا کستان کی پالیسی نہیں بنا سکتے ،مجھے تو ان کے ہوتے ہوئے گلگت بلتستان کا مستقبل مخدوش نظر آتاہے ،دھاندلی کرنے والے انتخابی اصلاحات کا کہہ رہے ہیں، ووٹ چوری کرنے میں ماہر مشین کولانے کی بات کی جارہی ہے ، ہم انتخابی اصلاحات مسترد کرتے ہیں، نیب ایک جانبدارادارہ ہے جس کو ختم ہوناچاہئے ۔مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف نے ویڈیولنک خطاب کرتے ہوئے کہا ووٹ چوری کرکے عمران خان کواقتدارمیں لایاگیا،ایسا لگتا ہے پاکستان ایک طبقے کیلئے بنایا گیا ،عوام کب تک زیادتیاں برداشت کرے گی، آج کے حالات میں خاموشی جرم ہے ،چند لوگوں نے نظام تبدیل کردیا، یہ نتیجہ ہے عمران خان کو ہمارے سروں پر بٹھانے کا ۔ میری باتیں ان کو اچھی نہیں لگتی کیونکہ میں سچ بولتا ہوں اسلئے میری آواز ٹی وی پر بند کر دی ۔ ایک اچھے بھلے پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنے کیلئے 2018 میں دھاندلی کی شکل میں ایک سازش رچائی گئی جس کا خمیازہ ہم بھگت رہے ہیں ،یہ سازش نہ ہوتی تو پاکستان آج ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہوتا ۔ صدر مسلم لیگ( ن) شہبازشریف نے کہاعوام کوجھوٹے وعدوں پر ٹرخایاجارہاہے ، عمران خان دن رات جھوٹ بولتے ہیں،عمران خان کہتے تھے مہنگائی بڑھے توسمجھووزیراعظم کرپٹ ہے ،یہ کہتا تھا اگربجلی بل بڑھ جائیں تووزیراعظم اورحکومت کرپٹ ہے ،عمران خان 350کنال کے گھرمیں بیٹھ کرریاست مدینہ کی بات کررہے ہیں،جوشخص گھرسے وزیراعظم تک ہیلی کاپٹر میں جاتا ہو اسے مہنگائی کاکیاپتہ،یہ شخص قوم کوگمراہ کررہاہے ،پی ڈی ایم کوموقع ملاتو ملکرپاکستان کو ویلفیئر سٹیٹ بنائینگے ، پاکستان کوکھویاہوامقام دلائینگے ،کرپٹ حکومت کودفن کرنے اور مہنگائی کاطوفان روکنے کیلئے عوام کا ریلہ اسلام آباد لیکر جانا ہوگا،مولانافضل الرحمن لیڈ کرینگے ۔قومی وطن پارٹی کے سربراہ اور پی ڈی ایم کے سینئر نائب صدرآفتاب شیرپائو نے کہااستحکام پاکستان تب حاصل ہوگا جب عوام کی حکمرانی ہوگی،صوبوں کوحقوق ملیں اورووٹ چوری نہ ہوتوملک مضبوط ہوگا، حکمران عوام میں آئیں تووہ انہیں جوتے ماریں گے ۔جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور پی ڈی ایم کے ترجمان شاہ اویس نورانی نے کہا بے شرموں کا ٹولہ وفاق میں بیٹھا ہے ، وہی عالم سندھ میں بھی ہے ، جھاڑو اوپر پھرے گی تو یہاں بھی پھرے گی ، اس تحریک کو آزادی مارچ کی طرف پھر دھکیلنا ہو گا ۔مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا موجودہ حکومت مکمل ناکام ہو چکی ، اس نے عوام سے جو وعدے کیے ، وہ پورے نہیں کیے تاہم ایک وعدہ ضرور پورا کیا ہے کہ تبدیلی لانے کا جو مہنگائی کی صورت میں واقعی آئی ہے ۔جلسے سے جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری جنرل اور پی ڈی ایم کے نائب صدرمولانا عبدالغفور حیدری،مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے رہنما انجینئر امیر مقام، بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما عبدالرحیم زیارت وال اور دیگر رہنمائوں بھی خطاب کیا۔ جلسے میں مختلف قراردادیں بھی پیش کی گئیں،قراردادوں میں کہاگیا کورونا کی آڑ میں لاک ڈاؤن لگانے کا سلسلہ بند کیا جائے ،تعلیمی ادارے بند کر کے تعلیم کو برباد کیا جا رہا ،پانی، بجلی اور گیس کی کمپنیوں نے کراچی والوں کو یرغمال بنا لیا ،کاروباری افراد کو مراعات دی جائیں ،پی ڈی ایم صحافیوں کیساتھ ہے ۔