کراچی(سٹاف رپورٹر)کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن نے کے -الیکٹرک سے کامیاب مذاکرات کے بعد تاروں اور املاک کو نقصان پہنچانے کے خلاف 2 روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔کمشنر کراچی افتخار شالوانی کے دفتر میں کامیاب مذاکرات کے بعد چیف ڈسٹری بیوشن آفیسر کے الیکٹرک عامر ضیا کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل کراچی کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد آرائیں نے کہا کہ کے -الیکٹرک اورکیبل آپریٹرز کے درمیان سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) طے کیے جائیں گے ۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ کے -الیکٹرک اور کیبل آپریٹرز کے درمیان گزشتہ کئی روز سے جاری مسئلے پر منعقدہ اجلاس میں اسے حل کرنے کی کوشش کی ہے اور ہڑتال آج ختم ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں دونوں فریقین کے الیکٹرک اور کیبل آپریٹرز کے ساتھ میٹنگ کی ہے اور کیبل آپریٹرز نے کمشنر آفس سے جاری این او سی کے مطابق جو کام کرنا ہے وہ کریں گے ۔ آل کراچی کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد آرائیں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک اور کیبل آپریٹرز کے درمیان معاملات طے پاگئے اور اس حوالے سے ایک معاہدہ کیا جائے گا۔