کراچی(سٹاف رپورٹر،این این آئی)ٹڈی دل نے پیرکو اچانک کراچی کے مختلف علاقوں پرحملہ کردیا۔گزشتہ روز ابتدا میں ٹڈی دل کے غول کو ملیر میں دیکھا گیا، جس کے بعد بڑی تعداد میں ٹڈی دل شارع فیصل، کورنگی، بہادر آباد ، پی ای سی ایچ ایس ، گلشن اقبال، نیشنل سٹیڈیم کے اطراف اڑتی دیکھی گئیں۔ٹڈی دل نیشنل سٹیڈیم میں آنے کے باعث قائداعظم کرکٹ ٹرافی کا میچ کچھ دیر کیلئے روکنا پڑ گیا۔ماہرین کے مطابق یہ ٹڈی دل بلوچستان کے ساحلی علاقوں سے آیا، یہ ان کی افزائش نسل کا موسم ہے ، جس کے باعث یہ اتنی بڑی تعداد میں نظر آرہی ہیں۔ماہرین نے بتایا کہ 1960ء کے بعد ٹڈی دل کا کراچی میں پہلا بڑا حملہ ہے ۔ محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے بچاؤ کیلئے ہنگامی اجلاس طلب کر کے صورتحال کا جائزہ لیا ۔ڈائریکٹرٹیکنیکل طارق خان نے بتایاکہ بلوچستان سے آنے والے یہ ٹڈی دل نقصان نہیں پہنچاتے ، امید ہے جلد واپس بلوچستان میں داخل ہوجائے گی۔ ٹڈی کنٹرول کرنے کیلئے متعلقہ ٹیمیں معاونت کیلئے تیار ہیں، ٹڈیاں خوراک کیلئے نہیں آئیں۔