لاہور، ساہیوال ، قصور، منڈی عثمان والا، کراچی ( کرائم رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹرز ، نمائندہ 92 نیوز، 92 نیوز رپورٹ ) کراچی میں باغ کورنگی میں سڑک صاف کرتے ہوئے خاتون سمیت کے ایم سی کے دو خاکروب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئے ،حادثے میں ایک خاتون اور مرد زخمی بھی ہوئے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں 45سالہ فیروزہ بی بی اور50 سالہ جارج مسیح شامل ہیں ۔ ساہیوال میں منی مسافر بس الٹنے سے ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے ، پاکپتن روڈ پر پل جالب کے قریب منی مسافر بس الٹ گئی۔ منڈی عثمان والا میں دودھ فروش منڈی عثمان والا سے لاہور دودھ سے بھرا مزدا لے کر جارہے تھے کہ پیال کلاں راجباہ کے نزدیک مخالف سمت سے آنے والے موٹرسائیکل سوار زد میں آگئے جس سے نواحی گاوں لوہے راجپوتاں کا اٹھارہ سالہ ریاض موقع پر ہی جان بحق ہو گیا اور عبدالرحمن زخمی ہو گیا ، مزدا ڈرائیور عثمان اور فیصل کو گرفتار کرلیا گیا۔ لاہور میں شہر میں دھند کے باعث مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ،موٹروے پر راوی ٹول پلازہ کے قریب 10 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ، متعدد افراد زخمی ہوگئے ، مانگامنڈی کے علاقے میں ایمبولینس اور مزدا میں تصادم ہوگیا ، 04 افراد زخمی ہوگئے جہنیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔