نوشہرہ (نمائندہ92نیوز ناصر خان ) نوشہرہ میں پیسکو کی نا اہلی سامنے آ گئی،صارفین کو بجلی کے بلوں میں ریڈنگ کی تصویر کے بجائے جانوروں کی تصویر بھیج دی گئیں، نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک میں محمد امین نامی شخص کے بجلی کے بل میں میٹر ریڈنگ کی تصویر والی جگہ پر کتے کی تصویر پرنٹ کرکے بھیج دی گئی، نوشہرہ میں بغیر ریڈنگ کے صارفین کو بجلی کے بل موصول ہونے پیسکو نے معمول بنا لیا جس کی وجہ سے اووربلنگ کے باعث شہریوں سے اضافی رقم وصول کی جا رہی ہے جبکہ بجلی بلوں میں غلطیوں کے باعث مرد وخواتین کا ہر مہینے واپڈادفاتر کے چکر لگانا ضروری ہوگیا ہے ،پیسکو دفاتر میں افسران کا شہریوں کے ساتھ رویہ بھی نامناسب رہتا ہے ،ابھی تک پیسکو کے کسی افسر نے بھی متعلقہ میٹر ریڈریا غلطی کرنیوالے کسی اہلکار کے خلاف کسی قسم کی کارروائی تک نہیں کی جس کی وجہ سے شہری دوہرے عذاب میں مبتلا ہو گئے ہیں، اکوڑہ خٹک میں بجلی بل میں ریڈنگ کی جگہ کتے کی تصویر پر صارف محمد امین نے واپڈا کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ میٹر ریڈر اور کتے تصویر لگانے والے اہلکار کے خلاف کارروائی کی جائے ۔