لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے مارک اپ کی شرح میں کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے نازک وقت میں بہت اہم اور درست فیصلہ قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ لاہور چیمبر مسلسل اپیل کرتا آرہا تھا کہ مارک اپ کی شرح اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لائی جائے ، مشکل حالات میں حکومت نے ایک اچھا قدم اٹھایا ہے جس سے صنعتکاروں، تاجروں اور عوام کو بہت ریلیف ملے گا جبکہ اعتمادسازی کی فضا کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کروناوائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی سنگین تجارتی و معاشی صورتحال کے پیش نظر کاروباری برادری اور حکومت دونوں کو ایک دوسرے کے تعاون کی اشد ضرورت ہے تاکہ اس وقت مشکل وقت کو بہ احسن طریقے سے ٹالاجاسکے ۔