اسلام آباد، لاہور،کوئٹہ(وقائع نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر،این این آئی)صدر مملکت عارف علوی نے کہاکہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ ہر گھر کے ہر فرد کی ہے ، چین سے قومی یکجہتی سے متاثر ہو کر آیا ہوں ، یہاں وہی یکجہتی قائم اور سب مل کر کام کریں۔بدھ کو اپنے ویڈیو بیان میں صدر مملکت نے کہاکہ چین میں 15 یونیورسٹیوں کے طلبہ سے ملاقات ہوئی جن کو بہت اچھا رکھا گیا ہے ۔جو متاثر ہوئے اور آئیسو لیشن میں رہے ، ان سب نے بھی چینی حکومت کی تعریف کی ۔ انہوںنے کہاکہ صدر شی،کانگریس کے صدر اور سب کے ساتھ طویل ملاقات رہی ۔ کرونا کیخلاف جنگمیں سب کو اکٹھا ہونا ہوگا۔ پاکستانیوں سے درخواست کر تا ہوں ساری قوم متحد ہو جائے اور میڈیا عوام کو آگاہی پہنچائے ۔ گھبرانے کی ضرورت نہیں جو چیز ہے اس کا مقابلہ مل کر کرنا ہے ۔دریں اثنا صدر عارف علوی اور گورنربلو چستان امان اللہ خان یاسین زئی کے مابین بدھ کی شام ٹیلی فونک گفتگوہوئی ۔دونوں رہنمائوں نے ملک اور صوبے کی مجموعی صورتحال ،کروناوائرس کیخلاف اقدمات ،متاثرہ افراد کے علاج او رصدر کے حالیہ دورہ چین پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔صدر مملکت نے چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر وفاق المساجد و المدارس پاکستان حافظ طاہر محمود اشرفی سے فون پر رابطہ کیا اورکرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے علماء و مشائخ کے فعال کرد ار پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کرونا وائرس پر باہمی اتحاد سے ہی قابو پا ئینگے ۔ علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کرونا کے خلاف علما و مشائخ حکومت کے شانہ بشانہ ہیں۔