لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، چین اور خاص طور پر وہان (صوبہ۔ ہوبائی) میں کروناوائرس کے پھیلنے پر سخت تشویش کا اظہار کرتی ہے ۔ اس مہلک وائرس کی بدولت مرنے والوں کی تعداد 6ہوگئی ہے اور وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 300تک پہنچ چکی ہے ۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کی تصدیق کے بعد اس بیماری کے وسیع پیمانے پر پھیلنے کا خوف بڑھ گیا ہے کہ یہ وائرس لوگوں میں ایک دوسرے سے بھی پھیلتا ہے ۔ صورتحال پر نظر رکھتے ہوئے عالمی ادارہ صحت نے چائنا کے ساتھ ساتھ دوسرے ممالک میں بھی کورونا وائرس کے مزید کیس سامنے آنے کا انتباہ جاری کیا ہے ۔ ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد ایم بی بی ایس، ڈی ایل او،ایم ایس (ای این ٹی)سیکرٹری جنرل پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سینٹر نے کہا لوگ کورونا وائرس سے اس لئے بھی خوفزدہ ہیں کیونکہ یہ نظام تنفس کی بیماری سارس سے ملتی جلتی ہے جس سے چائنا اور ہانگ کانگ میں 650لوگ موت کا شکار ہوئے تھے ۔ پی ایم اے حکومت کو مشورہ دیتی ہے کہ تمام انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر ہائی رسک ممالک سے آنے والے تمام مسافروں خاص طور پر چائنا ، بینکاک اور تھائی لینڈ سے آنے والے مسافروں کیلئے تھرمل اسکینر نصب کیے جائیں اور اگر کسی مسافر میں بخار کی علامت پائی جائیں تو اس کو 24گھنٹے کیلئے نگرانی میں رکھ کر وائرس کی تصدیق کی جائے ۔