کراچی (سٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزام میں نامزد تین ملزموں کی عبوری ضمانت منظور کر لی ۔ عدالت عظمٰی نے ملزم خلیل اللہ میمن،الہی بخش اورامتیازلونڈ کو 10 لاکھ روپے فی کس مچلکے جمع کرانیکا حکم دیا۔عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ ملزمان کو آئندہ سماعت تک گرفتارنہ کیا جائے ۔ نیب کے مطابق ملزمان نے خیرپورمیں بحیثیت ٹاؤن افسر کروڑوں روپے کی کرپشن کی۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے دواؤں میں استعمال ہونیوالا کیمیکل غائب کرنے کے الزام میں نامزد ملزم محمد نعمان کی عبوری ضمانت منظورکرتے ہوئے 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانیکا حکم دیا۔ملزم کی سندھ ہائیکورٹ نے ضمانت مسترد کردی تھی، اس پرکروڑوں روپے کا کیمیکل غائب کرنے کا الزام ہے ۔علاوہ ازیں عدالت عظمیٰ نے بینک فراڈ کے الزام میں نیشنل بینک اوراے بی ایل کے 6 ملازمین حبیب اللہ شیخ،جگدیش کمار،غلام نبی سومرو،نذیراحمد ابڑو،انجم نوید اورسکندرعلی کی درخواست ضمانت کی سماعت ملتوی کردی۔