اسلام آباد(صباح نیوز)مشیروزیراعظم برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے حالیہ اجلاس میں تسلیم کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر اب پاکستان بھارت کا نہ تو باہمی مسئلہ ہے اور نہ ہی بھارت کا اندرونی معاملہ ہے بلکہ یہ ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے ۔ مودی نے اقوام متحدہ کی قرارداوں سے انحراف کر کے بہت بڑی غلطی کا ارتکاب کیا ہے ۔بھارتی وزیراعظم نے اپنے جنگی جنون اور ہندو انتہا پسندی کے تحت کشمیر کو ہڑپ کرنے کاجو خواب دیکھا ہے وہ خود بھارت کے گلے کی ہڈی ثابت ہو گا، دنیا دیکھے گی کہ بھارت کیسے پارہ پارہ ہوتا ہے ۔گزشتہ روز اٹک کے علاقے جھنگ باہتر میں فوجی سیمنٹ کے زیراہتمام شجر کاری مہم کی تقریب سے خطاب میں ملک امین اسلم نے کہا کہ موجودہ حکومت جہاں ماضی اور حال کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے وہیں مستقبل کے مضمرات سے بھی نہ صرف آگاہ ہے بلکہ ان کے تدارک کیلئے نبرد آزما بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ہماری دہلیز پر دستک دے رہی ہے اور اسکے اثرات ہوشربا ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم آج درخت لگائیں گے تو آئندہ نسلیں اس کے ثمرات سے مستفید ہونگی۔بعدازاں مشیروزیراعظم نے سیمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا اور سکول کے طلبا میں پودے تقسیم کئے ۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد احسن محمود، ایم ڈی بریگیڈئیر(ر)خضر سلطان راجہ، جی ایم بریگیڈئیر (ر) ریاض گوندل بھی موجود تھے ۔