اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،92 نیوز رپورٹ، این این آئی) پاکستان نے اقوام متحدہ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خطے میں کسی بھی طرح کی کشیدگی کی روک تھام اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل میں کردار ادا کرے ۔ہفتہ کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی مسلسل سیاسی اور سفارتی کوششوں کے تحت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے دوبارہ رابطہ کیا ہے اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریز کو مقبوضہ کشمیر اور علاقائی امن و سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیرخارجہ نے مقبوضہ کشمیرکی مخدوش صورتحال پراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدراوراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوخطوط لکھ دیئے ۔انہوں نے خط میں عالمی برادری کی توجہ جموں و کشمیر کی تنظیم نو کے بھارتی حکمنامہ 2020ء اور جموں و کشمیر اجرائے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ قوانین 2020ء کے حوالے سے نئے نوٹیفکیشن کی طرف مبذول کرائی جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے ۔خط میں کہا گیا کہ یہ اقدامات غیرقانونی ہیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور خصوصاً چوتھے جنیوا کنونشن کے حوالے سے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ موقع پرست بھارت نے کورونا وائرس کے تناظر میں مقبوضہ کشمیر میں فوجی لاک ڈاؤن مزید سخت کر دیا ہے ۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے بھارت کے غیرقانونی تسلط اور مظالم کے خلاف کشمیریوں کی مقامی جدوجہد کو نقصان پہنچانے کی بھارتی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں دہشت گردی قرار دیا۔وزیر خارجہ نے کہا پاکستان عالمی برادری کوبھارتی عزائم سے قبل ازوقت متنبہ کررہاہے ۔ وزیرخارجہ نے زور دیا اقوام متحدہ،سلامتی کونسل صورتحال کو خرابی،بھارت کوغیرقانونی اقدامات سے روکے ،سلامتی کونسل مسئلہ کشمیرپراپنی ذمہ داریاں اداکرے اورمسئلہ کشمیرحل کرائے ۔علاوہ ازیں وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اْس نے کوئی حماقت کی تو منہ توڑ جواب ملے گا۔جاری ایک بیان میں وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کا ایک اور ڈرون مار گرایا ہے اور جاسوسی کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ڈرون سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 700 میٹر تک پاکستانی حدود کے اندر آیا جسے مار گرایا گیا، بھارت مسلسل ہزیمت اٹھا رہا ہے ۔وزیرِ خارجہ نے کہا کہ بھارت کا سرجیکل اسڑائیک کا ڈرامہ ناکام ہوچکا ہے اور اب وہ فالس فلیگ آپریشن کے بہانے تلاش کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی پالیسی ناکام ہوگئی، اندرونی معاملات سے بچنے کے لئے بھارت یہ سب کر رہا ہے ۔شاہ محمود قریشی نے بھارت کو پیغام دیا کہ کوئی بھی حماقت نہ کی جائے ، لداخ میں بھی بھارت ناکام ہوا ہے ، بھارتی میڈیا بھی اپنی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کہہ رہا ہے کہ انڈین نیشنل سیکیورٹی ایڈاوائزر کی پالیسی سے بھارتی فوج مطمئن نہیں، بھارتی فوج سمجھتی ہے کہ اسے بند گلی میں دھکیلا جارہا ہے ، جو راستہ بھارتی حکومت اپنا رہی ہے وہ غلط ہے ۔