ملتان(خصوصی رپورٹر)چیئرمین کشمیر کمیٹی فخر امام نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر امن کسی صورت ممکن نہیں۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین کشمیر کمیٹی نے کہا کشمیری اس وقت بدترین حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں اور پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کے لئے آواز بلند کر رہا ہے ، بھارتی فوج نے کشمیر میں بارہ ہزار نوجوانوں کو جبری طور پر قید کر لیا جن کا کچھ پتہ بھی نہیں چل رہا جبکہ بھارتی فوج کشمیری خواتین کے بارے میں غیر اخلاقی زبان استعمال کر رہی ہیں۔ سکیورٹی کونسل کا پہلا اجلاس 56 سال کے بعد ہوا جس میں ہم نے کشمیر کا موقف پوری طرح سے بیان کیا، اب دنیا کو یہ بات ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ کشمیر کا وہاں کی عوام کے مطابق الیکشن کے ذریعے فیصلہ ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا اقوام متحدہ میں عمران خان نے جو تقریر کی، بہت وقت بعد کشمیر کا مسئلہ اس انداز میں پیش کیا گیا۔