اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، 92نیوزرپورٹ ) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام فلاحی ریاست کے قیام کی بنیاد ہے ، یہ ایک زبردست اقدام ہے ، اس پروگرام اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت طالب علموں کو دی جانے والی سکالر شپس کو ایک ڈیٹا بیس پر لایا جائے ،حکومت کی اولین ترجیح نچلے طبقے کے لوگوں کی مالی مدد کے ساتھ ایسے اقدامات سے انہیں روزگار میں خود کفیل بنانا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پہلے ون ونڈواحساس سنٹر کے افتتاح اور کامیاب پاکستان پروگرام کے اعلی ٰسطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ستارہ مارکیٹ اسلام آباد میں پہلے ون ونڈو احساس سنٹر کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جب اعدادوشمار دستیاب ہوں گے تو اہداف کا تعین کرنے میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو ون ونڈو سنٹر اور احساس ون ونڈو منصوبے پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یہ پروگرام جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہوگا جس کے تحت قابل اور ضرورت مند طالب علموں کو سکالر شپس بھی دی جائیں گی، وہ ہر ضلع میں احساس ون ونڈو سنٹر قائم کرنے کے وزیراعظم کے وعدے کو عملی جامہ پہنائیں گی، قلیل مدت میں رجسٹریشن اور ریکارڈ دستیاب ہوگا۔اس موقع پر وزیر اعظم نے پودا لگایا اور سنٹر میں موجود اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا جبکہ وزیرِ اعظم نے کامیاب پاکستان پروگرام کے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پہلی دفعہ معاشی طور پر کمزور طبقے کو غربت سے نکالنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے ، چین اور بھارت کی مثال سامنے ہے ، چین نے پچھلے تیس سال میں لاکھوں لوگوں کو ایسے اقدامات کے تحت غربت سے نکالا جبکہ بھارت اس میں ناکام رہا۔اجلاس میں وزیرِ خزانہ شوکت ترین، معاونینِ خصوصی وقار مسعود، عثمان ڈار، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، چیئرمین حبیب بینک سلطان علی الانہ، ظفر مسعود صدر پنجاب بینک ، متعلقہ اعلیٰ حکام اور سٹیک ہولڈرزنے شرکت کی۔ اجلاس کو کامیاب جوان پروگرام کے تحت کامیاب کاروبار، کامیاب کسان اور کامیاب ہنرمند پروگرام، کم لاگت رہائشی سکیموں اور کامیاب پاکستان ہاؤسنگ کیلئے ہول سیل لینڈنگ کو ایک پروگرام، کامیاب پاکستان پروگرام میں شامل کرنے پر بریفنگ دی گئی۔