لاہور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے مسئلہ کشمیر پر قومی قیادت کا مشاورتی اجلاس فوری بلایا جائے ۔ طیارہ حادثہ کی شفاف انکوائری کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جاسکے ۔ اداروں کو مکمل تباہی سے بچانے کیلئے بے لاگ احتساب کی ضرورت ہے ۔المرکز اسلامی پشاور میں صوبائی ذمہ داران کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کو روکنے کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔لداخ میں چین کے ہاتھوں ہزیمت کے بعد مکار دشمن اپنی خفت مٹانے کیلئے پاکستانی سرحدیا ایل او سی پر معصوم لوگوں کو نشانہ بنا سکتاہے ۔بھارتی اشتعال انگیزی سے عالمی برادری کو آگاہ رکھنا بہت ضروری ہے ۔ حکومت فوری طور پر قومی قیادت سے وسیع تر مشاورت کیلئے اجلاس بلائے تاکہ مشترکہ حکمت عملی طے کی جاسکے ۔ سراج الحق نے کہا اوورسیز پاکستانی ہر مشکل گھڑی میں ملک و قوم کیساتھ کھڑے ہوتے ہیں لیکن کورونا کی عالمی وبا کے دوران حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ جو سلوک کیا ، اس پر ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھک گیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں سے وصول کی گئی رقوم ان کو واپس کی جائیں اور ان کی دلجوئی کیلئے حکومت اپنے رویے پر باقاعدہ ان سے معذرت کرے ۔