لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر عالمی چادر اوڑھ تحریک پاکستان سیدمحمد کبیر علی شاہ گیلانی مجددی نے کہا ہے کہ جن کے آباواجداد پاکستان بننے کے مخالف تھے آج وہ کس منہ سے لانگ مارچ کررہے ہیں،کوئی باشعورپاکستانی اسلام آباد دھرنے میں شریک مت ہو، ہم پاکستان بنانے والے ہیں، افواج پاکستان کے ساتھ ملکراسے بچائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی چادر اوڑھ تحریک اچھرہ کے زیراہتمام سالانہ عرس خواجہ شاہ بہاؤ الدین نقشبند ؒ کے موقع پر ہونیوالی چادر اوڑھ کانفرنس سے خطاب کرتے کیا۔ سیدمحمد کبیر علی شاہ گیلانی مجددی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ملک کاامن تباہ کرنیوالے ملاں کوبھرپور قوت سے روکے ۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے کی تمام برائیوں کی جڑ فحاشی وعریانی ہے ۔ غیرت مندماں ہی غیرت مند معاشرے کی بنیاد ڈال سکتی ہے ، خواتین سیرت سیدہ فاطمہ الزاہرہ سلام اﷲ علیہا پر عمل پیراہوکرہی دنیا آخرت میں کامیاب وکامران ہوسکتی ہیں۔