اسلا م آباد ،لاہور،کوٹلی لوہاراں،کامونکے ، کراچی،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید32افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد(باقی صفحہ 5نمبر)12804ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کوروناکے 1541نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد577482ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد22285ہو گئی،1558مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل542393صحتیاب ہو چکے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید16مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ748نئے کیس سامنے آگئے ،صوبہ میں اموات کی کل تعداد5323ہوگئی ۔ لاہورمیں 430،ننکانہ 6،جہلم 11، اوکاڑہ 11،قصور 5،راولپنڈی 23، گوجرانوالہ 9 ، سیالکوٹ 21،گجرات 40، ملتان 27 ، فیصل آباد 68اورشیخوپورہ میں7کیسزرپورٹ ہوئے ۔سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار سیالکوٹ سید ارتضیٰ شاہ بخاری اورگوجرانوالہ ٹریفک پولیس کے انسپکٹر فرحت محمود بھٹی بھی کورونا میں مبتلا ہو گئے اور خود کو قرنطینہ کرلیا۔وبا پر قابو پانے کی صورتحال میں بہتری پر پنجاب حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں لگائی گئیں پابندیاں ختم کر دی گئیں۔ سیکرٹری ہیلتھ کیئر کیپٹن(ر)محمد عثمان کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا کہ تمام کاروباری سرگرمیوں اور تفریحی مقامات پرطے کردہ اوقات کار کی حد ختم کر دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 50فیصد سٹاف کے گھر سے کام کرنے کی پابندی کو بھی ختم کر دیا گیا۔نوٹیفکیشن کے اطلاق کے بعد100 فیصد سٹاف کو دفاتر میں کام کی اجازت ہو گی۔ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے 15مارچ سے انڈور شادیوں اور دیگر تقریبات کی اجازت ہو گی۔مزارات اور سینماہالوں کو بھی کھول دیا جائیگا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید 13کورونامریض جاں بحق ہوگئے جبکہ322نئے کیسزمیں سے 155کراچی سے سامنے آئے ہیں۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں25لاکھ25ہزارسے زائد ہو گئیں۔ سعودی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ ابھی کورونا سے نجات نہیں ملی اور صورتحال غیرمستحکم ہے ، ہمیں ابھی مزید جدوجہد کرنا ہوگی۔بحرین نے جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی بھی منظوری دیدی،شدید خطرے سے دوچار افراد کو لگائی جائیگی ۔ یہ دنیا کی پہلی ویکسین ہے جس کی صرف ایک خوراک لگانے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ادھربھارت میں اب تک ایک کروڑ 34 لاکھ 72 ہزار 643 افراد کو اینٹی کورونا ویکسین دی جاچکی ہے ۔کورونا ویکسین بنانیوالی امریکی کمپنی موڈرنانے توقع ظاہر کی کہ رواں سال اسکی تیارہ کردہ ویکسین کی کل فروخت 18 اعشاریہ 4 ارب ڈالر تک جائیگی اور 2010 میں اپنے قیام کے بعد کمپنی پہلی مرتبہ منافع میں جائیگی۔