کوئٹہ،کوئلو،اسلام آباد، کراچی ( سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ، نامہ نگار،این این آئی،اے پی پی ) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بم دھماکے کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق جبکہ 15زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی رات کوئٹہ کے علاقے جناح روڈ پر سائنس کالج کے قریب دھماکے کے نتیجے میں محمد اکرم ،شرف الدین د،یونس آغا سمیت4افراد جاں بحق جبکہ 15افرادزخمی ہوگئے ،دھماکے کی شدت سے اردگرد واقع عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اورلوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، سکیورٹی فورسز اورریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ،نعشوں اورزخمیوں کوسول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ۔سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل کے عملے اور سکیورٹی فورسزنے پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ دھماکے سے کچھ دیر قبل سائنس کالج کے ہال میں ایک مذہبی سیاسی جماعت کا اجتماع ختم ہواتھا۔دوسری جانب کوہلو بارکھان روڈ بمقام ہنہ پل کے قریب بم برآمد ہوا جسے لیویز کیو آر ایف کوہلو اور بی ڈی ایس ٹیم نے ایریا کو کلیئر کرنے کے بعد بم ناکارہ بنا دیا، پولیس مزید تفتیش کررہی ہے ۔ دریں اثناوفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کوئٹہ دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دھماکہ میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے ۔علاوا زیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو،گورنر سید ظہور احمد آغا اور صوبائی مشیر داخلہ و قبائلی امور میر ضیا اللہ لانگو نے دھماکے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے سخت سزا کے مستحق ہیں ، عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کوئٹہ دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر مملکت نے دھماکہ میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی۔