لاہور(عثمان علی)کورونا کے باعث لاہور چڑیا گھر میں نئے جانوروں کی آمد کا سلسلہ بھی بری طرح متاثرہوا ہے ۔ عالمی وبا ،لاک ڈاؤن سے لاہور چڑیا گھر میں نئے جانوروں کی آمد تعطل کا شکار ہوگئی ہے ۔اس حوالے سے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جانوروں کی خریداری کے حوالے سے کنٹریکٹ کی معیاد ختم ہونے اور انٹرنیشنل پرمٹ کے اجرا میں تعطل کے باعث نئے سرے سے دوبارہ پروسیجر اختیار کرنا پڑے گا جبکہ بعض ترقیاتی سکیموں کے فنڈز بھی رواں مالی سال میں استعمال نہ کیے جاسکے ہیں ۔ذرائع کے مطابق لاہور چڑیا گھر میں دریائی گھوڑا،زرافہ،گینڈا،ہاتھی، ٹائیگر،وولف سمیت دیگر جانوروں اور پرندوں کی آمد کے حوالے سے مختلف کنٹریکٹرز کے ساتھ معاملات چل رہے تھے جبکہ زرافہ کو کنٹریکٹر کی جانب سے لاہور چڑیا گھر میں ہلاک ہونے والے زرافہ کے متبادل کے طور پر دیا جانا تھا تاہم عالمی وبا کے باعث مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن اور دیگر معاملات کی وجہ سے نئے جانوروں کی آمد بری طرح متاثر ہوئی ہے اور نئے جانوروں کی آمد تعطل کا شکار ہوگئی ہے ۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لاہور چڑیا گھر کے بعض ترقیاتی منصوبے بھی کورونا لاک ڈاؤن کے باعث پوری نہ کیے جانے پر فنڈز بھی استعمال نہیں ہوسکے ہیں۔