اسلا م آباد ،لاہور،پشاور،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید30افرادکی جان لے لی جبکہ اموات کی مجموعی تعداد13965ہو گئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور ملک کے 19 اضلاع میں 11اپریل تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کوروناکے 3301نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد637042ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد36849ہو گئی،2564مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل586228صحتیاب ہو چکے ۔دریں اثنا پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کورونا کی تیسری لہر پربڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اور پنجاب کے 9اضلاع لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان ، فیصل آباد،سیالکوٹ،سرگودھا اور شیخوپورہ میں تمام تر تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند کرنیکا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مزید کن اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے ہیں یہ فیصلہ صوبائی حکومتیں کرینگی۔یونیورسٹیز،اکیڈمیز،مدارس،سکولزسارے کے سارے سلیکٹڈاضلاع میں بندہونگے ، 7اپریل کودوبارہ این سی اوسی اجلاس میں صورتحال کاجائزہ لیاجائیگا۔شکایت آئی ہے کچھ اکیڈمیز کھلی رہتی ہیں۔قانون کی خلاف ورزی کرنیوالے تعلیمی ادارے سیل کردیئے جائینگے ۔ سندھ ،بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کورونا کی شدت کم ہے جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے چند اضلاع میں کورونا کا پھیلائو تشویشناک ہے ۔ خیبرپختونخوا کے کچھ اضلاع میں بھی پھیلا ئوہے ۔ کورونا کے پیش نظر گزشتہ برس نہم ، دہم ، گیارہویں اور بارہویں کلاسز کے امتحانات نہیں ہوئے تھے تاہم اس بارایسا نہیں ہوگا۔ نہم تا بارہویں جماعت کے امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہونگے ۔ کیمبرج نظام تعلیم کے امتحانات جلد شروع ہورہے ہیں، صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کیمبرج کیساتھ میٹنگ کرینگے ۔قبل ازیں وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس این سی او سیمیں ہواجس میں چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم و صحت بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے ، گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر کے وزرا، اعلیٰ حکام ، وفاقی سیکرٹری تعلیم فرح حامد خان، پارلیمانی سیکرٹری تعلیم وجیہہ قمر اور چیئرمین ایچ ای سی بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں کورونا کیسز کی مثبت شرح کا جائزہ لیا گیا اور تیسری لہر کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند یا کھلے رکھنے سے متعلق غور کیا گیا ۔ دریں اثنا وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے بیان میں کہا کہ صوبے کے 9 اضلاع لاہور، راولپنڈی،گوجرانوالہ، گجرات، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا اور شیخوپورہ میں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہینگے جبکہ دیگر اضلاع میں معمول کے مطابق تعلیمی سرگرمیاں جاری رہینگی۔خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے بیان میں کہا کہ پشاور،مردان، نوشہرہ،صوابی،چارسدہ،کوہاٹ،سوات، ملاکنڈ، لوئردیر، بونیر میں نجی وسرکاری تعلیمی اداروں کو بند رکھاجائیگا۔جن دیگراضلاع میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوگا و ہاں بھی تعلیمی ادارے بند کردینگے ۔ادھر سندھ حکومت نے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رکھنے کافیصلہ کرلیا۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں وبا کی تیسری لہر کے دوران مزید9مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ1774نئے کیس سامنے آگئے ،صوبہ میں اموات کی کل تعداد6046ہوگئی ۔ لاہورمیں 1184، شیخوپورہ 22، راولپنڈی 78، گوجرانوالہ 31 ،سیالکوٹ 67، گجرات 35، ملتان 46، فیصل آباد 97، اوراوکاڑہ میں 14 کیس سامنے آئے ۔ علاوہ ازیں ن لیگی رہنما وسابق وزیر مملکت طلال چودھری کی والدہ بھی کورونا کے باعث انتقال کرگئیں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکی ہدایت پر محکمہ صحت پنجاب نے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے دستیاب وسائل کی تفصیلات جاری کر دیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں سے کورونا کے 147665مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔علاوہ ازیں ڈی سی لاہور مدثر ریاض کی ہدایت پرضلعی انتظامیہ لاہور کی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیصان احمد نے تحصیل سٹی میں 3دکانوں جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کینٹ ذیشان نصر اللہ رانجھا نے لالک چوک پر ایک دکان کو سیل کردیا۔ادھرچیچہ وطنی میں اسسٹنٹ کمشنر شاہد ندیم رانا نے ایک نجی بینک کو کیشئر اور دو گن مینوں کا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر سیل کر دیا۔پشاور میں کورونا کیسز اصافہ پر مزید 18مقامات پر لاک ڈاؤن نافذکردیا گیا جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی اور ماسک استعمال نہ کرنے پر24دکانداروں کو گرفتار کرلیاگیا ۔ اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے نئی پابندیوں کے اطلاق کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق ہر طرح کے ان ڈور ڈائننگ پر پابندی ہوگی،بیرونی کھانوں کی اجازت ویک ڈیز میں رات دس بجے تک ہوگی،ان ڈور اور آؤٹ ڈور کھانوں پر ویک اینڈز پر پابندی ہوگی،صرف ٹیک اوے اور ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔ مارکیوں کومناسب وینٹیلیشن پرشادی تقریبات کی اجازت ہوگی۔تمام تجارتی سرگرمیوں پر ویک ڈیز میں رات 10 بجے کے بعد پابندی عائد ہوگی،جمعہ اور ہفتہ کوتمام تجارتی مراکز بند رہینگے ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں27لاکھ50ہزارسے زائد ہو گئیں۔بھارت کے مقبول ترین فلمی اداکار عامر خان بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے اورخود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا۔