لاہور(محمد نواز سنگرا)دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کے باوجود پاکستانی ایکسپورٹس تسلی بخش قرار دے دی گئی ہیں، فروری میں ایکسپورٹ میں 13.2فیصد جبکہ20مارچ تک 8.8فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ایکسپورٹ سیکٹر کی بہتری اور ایکسپورٹرز کی رہنمائی کے لئے حکومت نے امریکہ اور یورپ میں پاکستانی ایکسپورٹرکی سہولیات کے لئے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسر کی تفصیلات شیئر کر دیں۔وزرات تجارت کے مراسلے کے مطابق حکومت کی طرف سے تمام ایکسپورٹرز کی رہنمائی کے لئے امریکہ اور یورپ میں ایکسپورٹرز کے لئے ان ممالک میں موجود ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسر کے نام،عہدے ،ٹیلی فون نمبر اور ای میل ایڈریس شیئر کیے گے ہیں تاکہ ان تمام آرڈرز کی تفصیلات شیئر کی جائیں جومختلف ممالک کے بزنس مینوں کی طرف سے کینسل کیے گئے ہیں۔امریکہ ،یورپ اور مشرق وسطیٰ میں لاک ڈاؤن اور سٹورز کی بند ش کے باعث پاکستانی ایکسپورٹ سیکٹر کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے جس کے لئے ایکسپورٹرز مذکورہ افسران سے رابطہ کر کے رہنمائی لے سکتے ہیں ۔جن ممالک کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران کی تفصیلات شیئر کی گئی ہیں ان میں کینیڈا (ٹورنٹو)،یو ایس اے کے شہر ہیوسٹن،لاس اینجلز، نیویارک،واشنگٹن،میکسیکو کے شہر میکسیکو سٹی،برازیل کے شہر سائو پائلو،ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس، فرانس کے شہر پیرس،اٹلی کے شہر روم،پولینڈ کے شہر وارسا، روس کے شہر ماسکو، سپین کے شہر میڈرڈ، ترکی کے شہر استنبول، برطانیہ کے شہر لندن،مانچسٹر،سویڈن کے شہر سٹاک ہوم، جرمنی کے شہر فرینکفرٹ، سویٹرزرلینڈ،بیلجئیم کے شہر برسلز اور نیدرلینڈ کے شہر دی ہیگ شامل ہیں۔ فیڈریشن آف پاکستان آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ان معلومات کو متعلقہ بزنس مین کمیونٹی کے ساتھ شیئر کرے ۔