اسلام آباد، لاہور،واشنگٹن (سپیشل رپورٹر ، جنرل رپورٹر ،اپنے رپورٹر سے ، ڈسٹر کٹ رپورٹر ، نیوزایجنسیاں ) ملک بھر میں کوروناوائرس کے مزید120مریض انتقال کر گئے جبکہ 4191نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔این سی او سی کے مطابق مصدقہ مریض1148572 جبکہ اموات25535 ہو چکیں، مزید 3848 مریض شفایاب ، فعال کیس93107ہو گئے ،گزشتہ 24 گھنٹوں میں 61306 ٹیسٹ کیے گئے ،مثبت کیسز کی شرح6.83فیصد ہو گئی، گذشتہ روز کورونا ویکسین کی11 لاکھ1973خوراکیں لگائی گئیں، ابتک5 کروڑ9 لاکھ85ہزار184خوراکیں لگائی جاچکی ہیں ۔پنجاب میں ریکارڈ 1718 نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 53مریض چل بسے ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور744،راولپنڈی217 ، ملتان115، فیصل آباد 68، بہاولپور59،رحیمیارخان 46 ، جھنگ 45 ،گوجرانوالہ ،سرگودھا 40،40 ، شخوپورہ 32 ،سیالکوٹ 31، ڈیرہ غازیخان 30 ، چکوال 29، لیہ 28،ننکانہ19 ،ساہیوال ،خانیوال18،18 ،خوشاب 16 ، گجرات ، میانوالی 15،15 ،پاکپتن 14 ،اوکاڑہ 13، ٹوبہ 10، بھکر 9 ،مظفرگڑھ، چنیوٹ 7،7، بہاولنگر 6 ،جہلم، راجن پور ، وہاڑی5،5 ، نارووال ، قصور میں4،4کیس رپورٹ ہوئے ۔ملتان 11.0 ،لاہور میں مثبت شرح 10.4 فیصد ریکارڈکی گئی۔مجموعی مثبت شرح 7.8 فیصد رہی۔ لاہور میں مزید 16 مریض جاں بحق ہوگئے ۔ ایل ڈی اے نے 30 اگست تک ویکسین نہ لگوانے والے افسران اور ملازمین کادفاتر میں داخلہ بند کرنے کی ہدایت کر دی۔ حکومت سندھ نے بھی سکولوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور ریسٹورنٹس میں جانے والوں کیلئے ویکسی نیشن لازمی قراردیدی۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق تعلیمی اداروں، ریسٹورنٹس، ہوائی جہاز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ، ہوٹل، شاپنگ مالز اور شادی ہالز میں داخلے کیلئے بھی ویکسین لگوانا لازمی ہوگا۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے ویکسی نیشن کیلئے 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن دی گئی لیکن پبلک ڈیلنگ کے تمام ادارے ، ٹرین اور بذریعہ سڑک سفر کیلئے ویکسی نیشن کی مہلت 15 اکتوبر رکھی گئی ہے ۔ادھر دنیا بھرمیں متاثرین 21.65 کرڑ جبکہ ہلاکتیں 45لاکھ سے تجاوز کر گئیں ۔آئرلینڈ نے پاکستان سمیت 23 ممالک کو سفری ریڈ لسٹ سے نکال دیا۔ امریکی انٹیلی جنس ایجنسی رپورٹ میں کہا گیا ہے کورونا حیاتیاتی ہتھیار کے طور پر تیار نہیں کیا گیا، امکان ہے کہ چینی عہدیداروں کو وبا کی ابتدا سے پہلے اس وائرس کا علم نہیں تھا۔