لاہور،اسلام آباد، نیویارک (رپورٹنگ ٹیم، 92نیوز رپورٹ، نیوزایجنسیاں ) ملک میں کو روناکے مزید 80 مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ 1843 مثبت کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 47183 ٹیسٹ کئے گئے ۔ پنجاب میں 45اموات،447 مزیدمتاثر، 947 مریض صحتیاب ہو گئے ۔ لاہور میں 14اموات، 157 مزید متاثر ہوگئے ۔ پنجاب میں سرکاری ملازمین کی بمعہ فیملیز 30 جون تک ویکسی نیشن ضروری قراردیدی گئی۔کمشنر لاہورنے فائونٹین ہاؤ س جبکہ لاہور قلندرزنے ضلعی انتظامیہ کیساتھ ملکر گلبرگ میں ویکسی نیشن مرکز کا افتتاح کیا۔لاہور میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کیفے سیل کر دیا گیا۔ این سی او سی نے ملک بھر میں ماس ویکسی نیشن مہم کے تحت سال کے آخر تک7 کروڑ شہریوں کو ویکسین لگانے کا ٹارگٹ طے کر لیا ۔پاک ویک کی پیداوار میں اضافہ بھی ماس ویکسی نیشن مہم کا حصہ ہوگا۔این سی او سی کے دوخصوصی سیشنزمیں میڈیامالکان اور چیمبرز نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہاحکومت نجی شعبے کے تعاون سے چیمبرز اور ایسوسی ایشنز میں ویکسی نیشن سنٹرز قائم کرنا چاہتی ہے تا کہ تاجر برادری ، ملازمین و اہلخانہ کو ویکسین لگائی جائے ۔ حکومت ملک میں ویکسی نیشن سنٹرز کی تعداد 4000 سے زائد کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کورونا کیسز میں کمی کے تناسب سے کاروبار پر عائدپابندیاں کم کی جائیں گی۔ ادھر دنیا بھر میں ہلاکتیں 36.96لاکھ جبکہ متاثرین17.22کروڑ سے بڑھ گئے ۔ بھارت میں 2307اموات ، 113729 مزید متاثر ہوگئے ۔ اسلام آباد، پشاور (نامہ نگار،92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں )وفاقی وزیر تعلیم و فنی تربیت شفقت محمود نے اعلان کیا ہے رواں سال امتحانات لازمی ہوں گے ۔صوبائی وزرائے تعلیم اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں شفقت محمود نے بتایا بورڈ امتحانات اب24 جون کے بجائے 10جولائی سے ہوں ۔ پہلے دسویں اور بارہویں کے امتحانات ہوں گے ۔ نویں اور دسویں کاامتحان اختیاری مضامین میں لیاجائیگا، نویں اور دسویں کے امتحانات صرف چار مضامین کے ہوں گے ، ریاضی شامل ہو گا،انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کاامتحان صرف الیکٹومضامین میں لیاجائیگا،اولیول کے طلبہ کا کیمبرج کے تحت امتحان جولائی میں ہو گا۔تمام فیصلے وزرائے تعلیم اجلاس میں ہوئے ،ہم نے فیصلہ کیا اس سال ہم نے امتحانات لینے ہیں، 7 جون سے تمام کلاسز شروع ہو جائیں گی۔صوبائی حکومتوں سے کہاہے اساتذہ کی ویکسی نیشن مکمل کرائیں،فیصلوں میں کوئی تبدیلی ہوگی اور نہ کوئی دبائو برداشت کریں گے ۔ بعدازاں شفقت محمود نے اپنی ٹویٹ میں کہاہے کوویڈ کیسز میں واضح کمی کے بعد تمام جامعات پیر سے کھولدی جائیں گی۔خیبر پختونخوا میں آج سے نویں اور گیارہویں کی کلاسز شروع ہو جائیں گی۔محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے طلبہ کو امتحانات کی تیاری کرانے کیلئے ایپلی کیشن بھی تیارکرلی۔