اسلا م آباد ،لاہور،کراچی(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید60افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد23635ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 9.06فیصد رہی، 5661 نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیسز77409ہو گئے ،4050مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید 6787مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔ ابتک 70لاکھ86ہزار742افراد کو مکمل ویکسین لگائی جاچکی ۔ یکسین کی3 کروڑ42 لاکھ4ہزار53خوراکیں لگائی جاچکی ہیں جبکہ 24گھنٹوں میں11 لاکھ58ہزار433خوراکیں لگائی گئیں۔ این سی او سی نے کورونا کی چوتھی لہر میں شدت پر پنجاب کے سرکاری دفاتر میں 50 فیصد تک ملازمین کیساتھ کام چلانے کی ہدایت کا مراسلہ جاری کردیا۔دریں اثنا سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور انکی اہلیہ سرینا کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا ۔ڈاکٹرز نے جسٹس قاضی فائز کوہسپتال سے گھر جانے کی اجازت دیدی جبکہ سرینا عیسیٰ نے قرنطینہ ختم کر دیا۔علاوہ ازیں کورونا میں مبتلامعروف اداکارہ دردانہ بٹ وینٹی لیٹر پر ہیں۔ ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 1173نئے کیس سامنے آگئے جبکہ لاہور کے 5سمیت صوبہ میں مزید18مریضوں کی جان چلی گئی۔لاہور میں537،راولپنڈی240،فیصل آباد64،شیخوپورہ میں 12کیس رپورٹ ہوئے ۔ صوبہ میں کورونا کی مجموعی مثبت شرح 5.8 جبکہ لاہور میں 7.5ریکارڈ کی گئی۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب سارہ اسلم نے بارش کے دوران کورونا ویکسی نیشن سنٹر مینار پاکستان کا سرپرائز وزٹ کیا اور ویکسی نیشن عمل کا جائزہ لیا جبکہ ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں تمام شہریوں سے جلد ویکسی نیشن مکمل کرانے کی اپیل کی۔پی ایچ اے نے لاہور کے پارکس میں نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ محکمہ صحت کے نئے ایس اوپیز کے تحت پارکس میں بچوں کے جھولوں اور تفریحی مقامات کو بند کردیا گیا ،تاہم تمام پارکس سیر کیلئے کھلے رہیں گے ۔ ادھرکراچی میں ڈی آئی جی سی آئی اے نعمان صدیقی بھی کورونا میں مبتلا ہو گئے ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں42لاکھ75ہزار سے زائد ہو گئیں۔ برطانیہ کا پاکستان کے حوالے سے دوغلا پن بے نقاب ہوگیا۔ کورونا کی سنگین صورتحال کے باوجود بھار ت کو ریڈ لسٹ سے نکال دیاجبکہ پاکستان بدستور موجود ہے ۔ برطانیہ نے بھارت کے علاوہ بحرین ، یوا ے ای اور قطر کو بھی ریڈلسٹ سے نکالنے کااعلان کیا۔ بھارت میں کورونا مثبت کیسز کی شرح زیادہ ہونے کے باوجود اس کو ریڈ لسٹ سے امبر لسٹ میں شامل کر دیا گیا ۔ امبر لسٹ ممالک سے آئے مسافروں کو قرنطینہ نہیں ہو گا۔نئے اعلامیہ کے مطابق پاکستان سمیت ریڈ لسٹ میں شامل ممالک سے برطانیہ جانیوالے افراد سے لازمی ہوٹل قرنطینہ کی مد میں زائد رقم بھی وصول کی جائیگی۔ 12 اگست سے ایک بالغ شخص کے قرنطینہ کے اخراجات 1750 سے بڑھ کر 2285 پاؤنڈ ہوجائینگے جبکہ دوسرے بالغ شخص کیلئے 1430 پاؤنڈ فیس ادا کرنا ہوگی۔برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر معظم خان نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ پاکستان کو ریڈلسٹ سے نہ نکالنے کا معاملہ برطانوی حکومت کے سامنے اٹھادیا ، امید ہے غورہوگا۔ وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی ٹویٹ میں برطانوی حکومت کے فیصلے کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کیخلاف سیاسی امتیاز واضح اور ناقابل قبول ہے ۔ دریں اثنا برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے پاکستان کو مسلسل ریڈ لسٹ میں رکھنے کے حکومتی فیصلہ پرشدید تنقید اور حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ ایوان میں اٹھانے کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومتی فیصلہ سیاسی ہے ۔بولٹن سے رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے بھی ٹویٹ میں کہاکہ پاکستان کسی قسم کی تشویش نہ ہونے کے باوجود ریڈ لسٹ میں ہے ۔ برطانوی حکومت پاکستان کو ممکنہ معاشی فوائد کیلئے سزا دینا چاہتی ہے ، یہ واضح امتیازی سلوک ہے ۔لیٹن نارتھ کی لیبر ایم پی سارا اوون نے بھی کہا کہ تازہ ترین تبدیلیوں کے پیچھے وجوہات کو سمجھنا مشکل ، جب آپ اعداد و شمار دیکھتے ہیں تو ٹوری وزرا کو بہت کچھ سمجھانا پڑتا ہے کہ بھارت کیوں امبر فہرست میں جا رہا اور پاکستان اور دیگر ممالک اب بھی ریڈ لسٹ پر ہیں۔ دوسری جانب برطانوی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ مختلف ممالک کیلئے قوانین میں نرمی سے ٹریول انڈسٹری پر دباؤ کم ہو گا اور لوگوں کو دوستوں اور خاندان سے ملنے کا موقع ملے گا۔ادھربائیڈن انتظامیہ نے ویکسین شدہ غیرملکیوں کو امریکہ میں داخلے کی اجازت پر غور شروع کردیا ۔چینی صدر شی جن پنگ نے کہا چین رواں برس دنیا کو 2ارب ویکسین ڈوزز فراہم کریگا جبکہ کوویکس کو 10کروڑ ڈوزز عطیہ بھی کریگا۔