اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے انتہائی سطح کو چھو رہا ہے ، عوام کو احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت ہے ۔ یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک میں کورونا وائرس کی وبا کی موجودہ صورتحال اوراس کے پھیلا ئو کو روکنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کی صورتحال نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو کورونا وبا کے باعث سنگین چیلنجز کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وبا کے پھیلائو کو موثر انداز میں روکنے اور طبی استعداد کار میں اضافے کیلئے حکومت تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے وبا کے باعث بیرون ملک موجود وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے اور ان کی جلد وطن واپسی کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔