لاہور، اسلام آباد، نیویارک( جنرل رپورٹر، سپیشل رپورٹر ، وقائع نگار،نمائندگان، بیورورپورٹ ، 92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک )ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث گذشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 97 اموات ہوئیں جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 93983 تک جا پہنچی ۔کوروناوائرس سے جاں بحق مریضوں کی کل تعداد 1935ہو گئی ، 1265مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ کورونا کے مریضوں اور اموات کے اعتبار سے صوبہ پنجاب ملک بھر میں پہلے نمبر پر آگیا ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 97 اموات ہوئیں جبکہ ریکارڈ 4734 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔گذشتہ 24 گھنٹوں میں 22 ہزار 185 ٹیسٹ کیے گئے ، مجموعی طورپر 6 لاکھ 60 ہزار 508 ٹیسٹ کیے جا چکے ، ملک بھر میں 32 ہزار 581 مریض صحتیاب ہو کر گھر پہنچ گئے ۔پنجاب 35308، سندھ34889،کے پی کے 12459، بلوچستان 5776 ،اسلام آباد 4323 ،آزاد کشمیر 331 جبکہ گلگت بلتستان میں 897 متاثرین ہیں ۔ سب سے زیادہ659 اموات پنجاب میں ہوئیں ۔ سندھ 615، خیبر پختونخوا 541، اسلام آباد 45، گلگت بلتستان 13، بلوچستان 54 اور آزاد کشمیر میں8 افراد جاں بحق ہو چکے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق پنجا ب میں کورونا مزید30 جانیں نگل گیا ، اموات کی کل تعداد 659 ہو چکی جبکہ2164 نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 35308 ہو گئی۔ لاہور میں 1082نئے کیس سامنے آئے ۔ابتک 275,139 ٹیسٹ کیے جا چکے ۔کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 7,953 ہو چکی ۔پنجاب میں مزید 155 ہیلتھ پروفیشنلز میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ۔پنجاب بھر میں متاثرہ ہیلتھ پروفیشنلز کی تعداد 721 ہو گئی ۔لاہو ر میں سب انسپکٹر عابد مختار کورونا کیخلاف فرنٹ لائن لڑتے ہوئے دم تو ڑ گئے ۔ شیخوپورہ کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں قائم قرنطینہ سنٹر میں زیر علاج کورونا کے 6مریض ایک ہی رات میں جان کی بازی ہار گئے جن میں 35سالہ زرقا،50سالہ زبیر، 70سالہ صفیہ،48سالہ خرم، 40سالہ سبطین اور 60سالہ حسین شامل ہیں، چار مریضوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ قیوم ہسپتال ساہیوال میں کورونا کا ایک اور مریض 70سالہ فاروق جاں بحق ہو گیا۔ رورل ہیلتھ سنٹر ملکہ ہانس کے ایک اور ڈاکٹر کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ تحریک انصاف کے رہنما عمر فاروق ڈار کی اہلیہ اور بیٹی کا کورونا ٹیسٹ بھی پازیٹو آ گیا جس کے بعد انہیں گھر میں قرنطینہ کر دیا گیا۔رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری اور بیٹے کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ بھی مثبت آگئی۔سیلف آئسولیشن اختیار کرلی ۔ممبر قومی اسمبلی عثمان ترکئی ، اہلیہ ،بیٹے اور بہو کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی سیف الملوک کھوکھر اور بیٹے فیصل سیف الملوک کی کورونا وائرس کی رپورٹ مثبت آگئی ۔ لیگی رکن پنجاب اسمبلی یاسین سوہل کے دو بیٹے چودھری عشارب سوہل ایڈوکیٹ اور حارث سوہل ایڈوکیٹ کابھی کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے ۔جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ اورکن قومی اسمبلی شاہ زین بگٹی بھی کورونامیں مبتلاہوگئے ۔کوٹلی ستیاں میں ڈپٹی ڈسڑکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ابرار ستی کا بھی کورونا ٹیسٹ پازیٹو آ گیا ۔نیشنل بنک پنڈی گھیب برانچ میں کورونا کیس سامنے آنے کے بعد برانچ کو سیل کر دیا گیا۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنزاسلام آباد کے سینئر افسر کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد سوئی گیس آئی نائن آفس کو سربمہر کردیا گیا ۔ادھر دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 4لاکھ ہو گئیں جبکہ متاثرین 69لاکھ سے تجاوز کر گئے ۔بھارت میں ایک روز کے دوران 9 ہزار 887 کیس سامنے آگئے ۔مجموعی تعداد اٹلی سے تجاوز کر گئی۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ نے کہا ہے صرف ماسک پہننے سے کورونا وائرس سے بچا نہیں جا سکتا۔ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے سماجی فاصلے ، ہاتھ صاف رکھنے اور پبلک ہیلتھ کو بھی یقینی بنایا جائے ۔ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے عوام کو طویل عرصے تک وائرس کیساتھ زندگی گزارنے کیلئے تیار رہنا ہوگا، ایسا نہیں سمجھنا چاہئے کہ یہ بیماری پندرہ دنوں یا مہینے میں ختم ہو جائیگی، ہمیں تقریبات سے گریز اور احتیاط کرنا ہوگی۔ جرمن حکومت نے کورونا سے متاثرہ خاندان کے ہر بچے کو 300 یورو دینے کا اعلان کیا ہے ۔چانسلر اینجلا مرکل نے متاثرہ خاندانوں اور لاک ڈاؤن کے باعث معاشی تنگدستی کا شکار گھرانوں کیلئے 114ارب پاؤنڈ کا فنڈ مختص کیا ہے ۔