اسلام آباد ،لاہور،واشنگٹن (خبر نگار خصوصی، جنرل رپورٹر، نیوزایجنسیاں) ملک بھر میں کورونا کے مزید 32مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ 1114 نئے کیس سامنے آگئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا متاثرین کی تعدا د277402جبکہ اموات 5924 ہوگئیں۔ صحتیاب افراد کی تعداد246131، فعال کیس 25347 رہ گئے ۔سندھ میں سب سے زیادہ 120052 ، پنجاب 92655، خیبر پختونخوا 33845، بلوچستان 11708، اسلام آباد 14987، آزاد کشمیر 2065 اور گلگت بلتستان میں 2090 متاثرین ہیں۔ ادھر دنیا بھر میں کورونا متاثرین ایک کروڑ 73لاکھ جبکہ اموات 6لاکھ72 ہزار سے بڑھ گئیں۔امریکہ میں متاثرین کی تعداد46لاکھ جبکہ ہلاکتیں ایک لاکھ 54ہزار سے تجاوز کر گئیں۔ صرف پچھلے گیارہ دنوں میں 10 ہزار اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔ریپبلکن رکن کانگریس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وائٹ ہائوس نے ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا ۔ برازیل میں ایک روز میں ریکارڈ69 ہزار کیس سامنے آگئے ۔بھارت میں ریکارڈ55 ہزار کیس رپورٹ ہوئے ، متاثرین ساڑھے 16لاکھ کے قریب ہو گئے ۔ برطانیہ 6شہروں میں کورونا کی دوسری لہر کے خدشہ کے پیش نظرفوج طلب کر گئی جبکہ حکومت نے قرنطینہ کی مدت7 سے بڑھا کر 10 دن کردی۔ کورونا وبا کے سبب امریکی معیشت کساد بازاری کا شکارہے اور شرح نمو میں نمایاں کمی ہوئی ۔ حکومتی رپور ٹ کے مطابق دوسری سہ ماہی میں اپریل سے جون کے دوران امریکی معیشت 32.9 فیصدتک سکڑ گئی ۔دنیا کی سب سے بڑی معیشت کیلئے 1947کے بعد سے یہ بدترین ریکارڈ ہے ۔