اسلا م آباد ،لاہور ،ملتان،کراچی،پشاور ،کوئٹہ ، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،92 نیوز رپورٹ، بیورو رپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید46افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد10818ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 3097نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد511921ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد33869ہو گئی،2410مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل467234صحتیاب ہو چکے ۔وزارت قومی صحت کی جانب سے جاری ٹویٹ میں کہا گیا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کوروناکی دوسری لہر کے باوجود معیشت کو متاثر نہیں ہونے دینگے ۔شہریوں سے اپیل ہے کہ حکومت کا ساتھ دیں ، عبادت گاہوں، فیکٹریوں، دکانوں اور عوامی جگہوں پر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید25مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ767نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں 476،راولپنڈی22،سیالکوٹ20، فیصل آباد59،اور قصورمیں6کیسز رپورٹ ہوئے ۔ نشتر ہسپتال ملتان میں مزید 2کورونامریض چل بسے ۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن( ر) ظفر اقبال اعوان نے کورونا کو شکست دیدی اور صحتیابی کے فوری بعد فرائض کی انجام دہی کا آغاز کردیا۔کراچی ضلع غربی کی مزید 7یوسیز میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کردیا گیا۔خیبر پختونخوا میں مزید10کورونامریض جاں بحق ہوگئے جبکہ 342نئے کیس سامنے آگئے ۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں 25 سال سے زائد تک خدمات سرانجام دینے والی نرس راج بی بی بھی مبینہ طور پرکورونا سے جاں بحق ہوگئی۔بلوچستان میں کورونا کا ایک مریض انتقال کرگیا جبکہ مزید27کیس رپورٹ ہوئے ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں19لاکھ95ہزار سے زائد ہو گئیں۔کورونا وائرس کی دو نئی اقسام سامنے آنے کے بعد عالمی ادارہ صحت کی ہنگامی کمیٹی نے اپنا اجلاس قبل از وقت طلب کر لیا ہے ۔ ڈبلیو ایچ او کے اس ہنگامی اجلاس میں نئے کورونا ٹیسٹوں اور سفری پابندیوں کے بارے میں صلاح مشورہ کیا جائیگا۔ برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں دریافت ہونے والی کورونا وائرس کی دونوں نئی اقسام زیادہ تیز رفتاری سے دوسروں کو لگنے اور پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ کورونا وائرس کی یہ دونوں نئی اقسام تقریبا 50 ممالک تک پہنچ چکی ہیں۔ادھرجاپان نے کوروناوائرس کے پھیلائو کے پیش نظر تمام غیرملکیوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ البتہ دیگر ممالک میں رہائش پذیر جاپانی شہری جاپان واپس آسکتے ہیں اسکے علاوہ رہائشی حیثیت کے حامل غیر ملکیوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت ہے ۔جاپان میں رہائش پذیر غیرملکیوں کو دوسرے ممالک سے واپس جاپان آنے پر 14 دن تک گھر میں یا رہائش کی سہولیات پر رہنے اور اپنے مقام کی معلومات کو محفوظ رکھنے کا عہد کرنا ہوگا اور اگر وہ اس قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو حکومت انکے نام ظاہر کرنے اور ان افراد کی رہائشی حیثیت کو منسوخ کرنے پر غور کریگی۔فرانسیسی حکومت نے کل سے ملک بھر میں رات کا کرفیو نافذ کرنیکا علان کر دیا۔لبنان کے وزیر صحت حمد حسن بھی کورونا میں مبتلا ہو گئے ، انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں کورونا سے مزید 3 افراد دم توڑ گئے جبکہ3382نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے ۔اماراتی وزارت صحت کے مطابق حالیہ ہفتوں کے دوران یومیہ کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ویکسین مہم بھی تیز کردی ہے اوراب تک یواے ای میں ویکسین لگوانے والوں کی شرح دنیا میں اسرائیل کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔ رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں 90 لاکھ آبادی میں سے 50 فیصد کو ویکسین لگانا چاہتے ہیں۔