اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،ڈسٹرکٹ رپورٹر ، 92 نیوز رپورٹ،بیورورپورٹ، نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید 57افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد 12185ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 1502نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد559093ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد30225ہو گئی،1760مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل516683صحتیاب ہو چکے ۔کورونا کی دوسری لہر کے دوران مثبت کیسزمیں نمایاں کمی ہوئی اور شرح تین اعشار نو فیصد ہوگئی ہے جبکہ صورتحال 10 نومبر سے قبل کے حالات کی جانب واپس آ گئی ہے ۔ملک بھر میں طبی عملہ کو کورونا ویکسین لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید34مریضوں کی جان چلی گئی اور اموات کی کل تعداد4982ہوگئی جبکہ634نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں 292،ننکانہ2،قصور 1،شیخو پورہ2،راولپنڈی27اورفیصل آباد میں40کیسز رپورٹ ہوئے ۔ ادھر نشتر ہسپتال ملتان میں کورونا میں مبتلا ایک اور مریضہ جاں بحق ہوگئی جبکہ زیر علاج مصدقہ کورونا مریضوں کی تعداد28 ہو گئی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید 12کورونامریض جاں بحق ہوگئے جبکہ423نئے کیسزمیں سے 244کراچی سے سامنے آئے ہیں۔ادھرخیبر پختونخوا میں کورونا سے مزید4افرادجاں بحق ہوگئے جبکہ192نئے مریض سامنے آگئے ۔بلوچستان میں کورونا کے 18نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں23لاکھ72ہزارسے زائد ہو گئیں۔