لاہور، اسلام آباد،پشاور،کراچی، کوئٹہ،نئی دہلی، نیویارک (رپورٹنگ ٹیم،92نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں )ملک میں کوروناکے مزید 108 مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ 4198 مثبت کیس رپورٹ ہوئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق مصدقہ مریضوں کی تعداد 845833 جبکہ اموات 18537 ہوگئیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46467 ٹیسٹ کئے گئے ،مثبت کیسز کی شرح 9.03 فیصد رہی ۔لیجنڈری اداکارہ بشری انصاری کی بہن اور معروف ٹی وی اداکارہ سنبل شاہد کورونا کے باعث انتقال کرگئیں۔کیولری گرائونڈ میں نماز جنازہ کے بعد سپردخاک کر دیا گیا۔ایم کیوایم پاکستان کے سندھ اسمبلی سے ایم پی اے ندیم صدیقی کورونا کا شکار ہو گئے ۔پنجاب میں مزید 68 ہلاکتیں اور1906 نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 1963 مریض صحتیاب ہوگئے ۔ لاہور میں 35مریض دم توڑ گئے جبکہ734کیس رپورٹ ہوئے ۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا متاثرین کیلئے مختص 7521بیڈ جبکہ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں920 بیڈ خالی ہیں۔ صوبہ کے سرکاری ہسپتالوں میں342 جبکہ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں60 وینٹی لیٹرخالی ہیں۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے تمام میڈیکل تعلیمی ادارے 17 مئی تک بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے امتحانات نہیں ہوں گے ۔کیبنٹ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق عید اور چاندرات کیلئے ایس او پیزجاری کر دیئے گئے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق 8تا16 مئی مارکیٹیں، کاروبار، دفاتر اور دکانیں بندرہیں گی۔میڈیکل سروسز، فارمیسیز ،پٹرول پمپ، فوڈ ٹیک اویز،بجلی، گیس، ای کامرسں، انٹرنیٹ، سیلولر کمپنیز،کال سنٹر،تنور اورمیڈیا ہائوسز 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی۔گروسری سٹور،جنرل سٹور، بیکریز،مٹھائی ، سبزی ،فروٹ، گوشت کی دکانیں،آٹا چکیاں صبح 9 سے شام 6بجے تک کھل سکیں گی۔تفریخی مقامات، پارک،شاپنگ مال، ریسٹورنٹس اور پکنک مقامات بند رہیں گے ۔ پبلک ٹرانسپورٹ بند ہو گی تاہم رکشہ اور ٹیکسیز اور پرائیویٹ گاڑیوں کو%50 گنجائش کیساتھ سفر کی اجازت ہو گی ۔ٹرین سروس70 فیصد مسافروں کیساتھ جاری رہے گی۔مختلف شہروں کے درمیان ٹرانسپورٹ کو ہفتہ اور اتوار 50 فیصد گنجائش کیساتھ کام کی اجازت ہو گی۔لاہور میں ایس اوپیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے آرمی،رینجرز اور پولیس کے دستوں نے فلیگ مارچ کیا۔ کمشنرلاہور و سی سی پی او نے چھ بجے کے بعد لاک ڈاون پر عملدرآمد کا خود جائزہ لیا۔ کمشنر آفس کے مطابق گشت کے دوران ایس او پیز خلاف ورزی پر کاروائیاں بھی کی گئیں۔ تحصیل سٹی میں 8 دکانوں کو سیل کیا گیا۔ ایدمنسٹریٹر لاری اڈی نے لاری اڈہ بادامی باغ میں مختلف سٹینڈز کا دورہ کیا ، فیس ماسک نہ پہننے اور 50فیصد سے زائد مسافر بٹھانے پر4گاڑیوں کو بند کر دیا جبکہ15ہزار جرمانہ بھی کیا۔ بند روڈ ،ملتان روڈ پر 7گاڑیوں کو بند جبکہ 66کو جرمانے کئے گئے ۔ کمشنر لاہور ڈویژن نے مکمل لاک ڈائون سے پہلے لوگوں کو ریلیف دینے کیلئے تمام سیل مقامات ڈی سیل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔ کمشنر لاہور نے اعلان کیا لاک ڈائون کے دوران انڈسٹری اور عینک ساز دکانوں کو کام کرنے کی اجازت دیدی جائے گی جبکہ لاہور چیمبر بھی معمول کے مطابق حفاظتی اقدامات کیساتھ کام کرے گا۔ سندھ میں 7 مریض انتقال کرگئے جبکہ966 کیس رپورٹ ہوئے ۔سندھ میں شام 6 بجے کے بعد کریانہ سمیت تمام دکانیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ریسٹورنٹس کو افطار کے بعد ٹیک اوے کی اجازت بھی نہیں ہوگی تاہم ہوم ڈلیوری کرسکیں گے ۔ تفریحی مقامات بشمول سی ویو، ہاکس بے اور دیگربند رہیں گے ۔جمعے اور ہفتے کو کاروبار صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک ایس او پیز کے مطابق کھلا رہے گا۔بلوچستان میں3مریض جاں بحق جبکہ 116 کیس سامنے آئے ۔اسلام آباد میں مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔ اسلام آباد ائیرپورٹ پربیرون ملک سے آئے چار مسافروں جبکہ باچہ خان ائیر پورٹ پشاور پر بیرون ملک سے آنے والے چھ مسافروں کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر قرنطینہ سنٹر منتقل کردیا گیا۔ادھردنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 32لاکھ 64ہزار جبکہ متاثرین 15کروڑ 65لاکھ سے متجاوز ہو گئے ۔بھارت میں414059کیس سامنے آئے جبکہ3919 ہلاکتیں ہوئیں ۔اردو کے نامور ادیب اور نقاد شمیم حنفی نئی دہلی میں انتقال کر گئے ۔ سابق وزیر اجیت سنگھ ، تامل اداکار و کامیڈین پانڈو،اداکارہ ابھی لاشا پاٹل بھی چل بسیں۔بنگلہ دیش اور نیپال کے بعد سری لنکا نے بھی بھارت کیساتھ سرحد بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ امریکی صدر نے کورونا ویکسین کے دانشورانہ املاک کے حقوق میں چھوٹ دینے کی حمایت کردی ۔فلپائنی صدر نے چین سے کہا ہے وہ عطیہ کی گئی سائنوفارم ویکسین واپس لے لے کیونکہ یہ تصدیق شدہ نہیں ۔