لاہور؍ اسلام آباد(جنرل رپورٹر؍ لیڈی رپورٹر؍ خبرنگار خصوصی) کورونا سے مزید 102 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4356 ہوگئی جبکہ4ہزار سے زائد نئے کیسز کے ساتھ مریضوں کی تعداد 2لاکھ 12 ہزار سے تجاوز کرگئی۔پنجاب میں مزید 46افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ723نئے کیسز کی تصدیق کے بعد تعداد 75,501 ہو گئی۔سندھ میں مریضوں کی تعداد 84 ہزار، خیبرپختونخوا میں 26 ہزار، بلوچستان میں 10 ہزار سے بڑھ گئی ہے ۔ادھر دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 5لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ ہلاکتیں 5لاکھ 12 ہزار ہوگئی ہیں۔بھارت میں مریضوں کی تعداد 5لاکھ سے بڑھ گئی جبکہ گزشتہ روز 400 سے زائد افراد لقمہ اجل بنے ۔ برطانوی حکومت نے لیسٹر میں ایک بار پھر (کل ) جمعرات سے لاک ڈائون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔سعودی عرب کے شہر جدہ میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے لگائے گئے کرفیو کے خاتمے کے بعد جدہ میں پارکس اور تفریحی مقامات کو بھی کھول دیا گیا ۔یورپی یونین کی جانب سے کورونا وائرس کی وباء سے محفوظ 14 ملکوں کے شہریوں کو یورپ میں داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔جنوبی آسٹریلیا اور کوئینزلینڈ کی ریاستوں نے تمام آسٹریلوی شہریوں کے لئے اپنی ریاستی سرحدیں کھولنے کے منصوبے منسوخ کر دیئے ہیں۔سکاٹ لینڈ میں سکولوں کے 1700 سے زائد کلینرز اور دیگر عملے نے سکاٹش کابینہ کی سربراہ فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجیون کو خط میں لکھا ہے کہ وہ خود کو ملازمت پر محفوظ نہیں محسوس کر رہے اور انھیں روزانہ خطرے میں ڈالا جا رہا ہے ۔مصر کی حکومت نے کورونا وائرس کے دوران خواتین کو حمل سے گریز کرنے کا مشورہ دے دیا۔امریکی وبائی امراض کے ماہر فوچی نے کہا ہے کہ امریکہ میں یومیہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ سکتی ہے ۔بی بی سی کے مطابق کورونا سے تیل پیداکرنیوالے ممالک پر بڑا اثر پڑے گا اورمعیشت 7.6فیصد تک گر سکتی ہے ۔دریں اثناء جون کا مہینہ پنجاب کے لئے انتہائی سخت رہا۔جون میں 50445 سے زائد افراد کورونا کا شکار ہوئے ، کل کیسز کی تعداد 75501 ہو گئی، اس مہینے میں 1252 سے زائد مریض کورونا کی وجہ سے جاں بحق ہوئے ، کل اموات کی تعداد 1727 ہو گئی۔لاہور میں جون کے مہینے میں 26834 کیسز اور 486 اموات رپورٹ ہوئیں۔ لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ؍ جنرل رپورٹر)لاہور کے 7علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون میں مزید 3دن کی توسیع جبکہ باقی لاک ڈاؤن علاقوں کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے ذرائع نے کہا ہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن سے لاہور میں سیل کئے گئے علاقوں میں کورونا کیسز کی تعداد میں کمی کا رجحان سامنے آیا جبکہ شہر کے 7 علاقوں میں کورونا کی رپورٹنگ کے باعث مزید تین دن توسیع کی جائے گی،جن علاقوں میں لاک ڈاؤن مزید تین روز تک برقرار رہے گا،ان میں ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، ڈی ایچ اے ، گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، گلشن راوی اور اندرون شہر شامل ہیں ۔علاوہ ازیں پنجاب میں جزوی لاک ڈاؤن میں15 جولائی تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ تعلیمی ادارے ، شادی ہال، ریسٹورنٹ اور سینما ہال بدستور بند رہیں گے ،سماجی و مذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کے لئے اکٹھ کی اجازت نہیں ہو گی،تمام کاروباری مقامات صبح 9 سے شام 7 بجے تک، سوموار تا جمعہ کھلے رہیں گے ،میڈیکل سٹور، پنکچر شاپ، آٹا چکی تندور، زرعی ورکشاپس 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت ہو گی،کال سنٹرز کو 50 فی صد سٹاف کے ساتھ کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی،بین الاضلاع ٹرانسپورٹ کو 24 گھنٹے چلنے کی اجازت ہو گی،گروسری اور کریانہ سٹور صبح 9 سے شام 7 تک ہفتہ بھر کھلے رہیں گے ،تمام چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کے لئے کھلے رہیں گے ۔ ادھر کورونا کے کنفرم مریضوں کو ڈسچارج اور ہوم آئسولیشن کے خاتمے کے حوالے سے اہم فیصلہ سامنے آ گیا۔کنفرم مریض جن کو علامات نہیں ہوں گی، ان کے ڈبل نیگٹو پی سی آر ٹیسٹ کرانے کی شرط ختم کر دی گئی، مریض میں علامات نہ ہوں تو 10 دن کے بعد صحت مند تصور کیا جائے گا اور آئسولیشن ختم کر سکتا ہے ،اگر مریض میں بیماری کی علامات ہوں تو وہ علامات ختم ہونے کے 3 دن بعد (اور بیماری کے شروع سے کم از کم 10 دن بعد) آئسولیشن ختم کر سکتا ہے ۔کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ نے نئے ایس او پیز کی منظوری دے دی، کم قوت مدافعت والوں، ہیلتھ کئیر پروفیشنلز پر نئے ایس او پیز کا اطلاق نہیں ہو گا۔علاوہ ازیں محکمہ سپیشلا ئزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے لاہور کے ہسپتالوں کی تقریباتین ماہ سے بند او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز کھولنے کی منظوری دے دی جس کے تحت میو، جناح جنرل، سروسز سپتال کی اوپی ڈی و آپریشن تھیٹرز کو بحال کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلے میں ہسپتال میں ڈاکٹرز و دیگر عملے کی دستیابی کو بھی ممکن بنانے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔پروفیسر اسد اسلم کے مطابق ہسپتالوں میں مریضوں کی سہولت کی خاطر اوپی ڈی و آپریشن تھیٹرز کو بحال کیا گیا ہے ۔