لاہور؍ملتان؍ بہاولپور(جنرل رپورٹر؍ سپیشل رپورٹر؍ نامہ نگار؍ نیوز ایجنسیاں)ملک بھر میں کورونا سے 24گھنٹوں کے دوران مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 394 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔این سی او سی کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 2لاکھ 98 ہزار 903 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جن میں سے 2لاکھ 86 ہزار 16 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، اموات 6345 ہیں جبکہ 534 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے ۔پنجاب میں گزشتہ روز 60 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔پشاور میں ایک بار پھر کورونا وباء پھیلنے کا خدشہ ہے جس کے با عث شہر کے 20 مقامات کو مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت سیل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق بہاول پورمیں کورونا کی دوسری طاقتورلہرشروع ہوچکی ہے ، گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران بہاولپور میں کورونا وائرس کے سینکڑوں نئے مریض داخل ہوئے ہیں جبکہ احتیاطی تدابیر میں نرمی کرنے والے 15 ڈاکٹر بھی کورونا پازیٹو ہو گئے ۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک سینئر ڈاکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد حنیف بدھ کے روز بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال میں انتقال کر گئے جبکہ تین ڈاکٹروں کو وینٹی لیٹر پر منتقل کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ نشتر ہسپتال ملتان میں گزشتہ روز ایک مریض دم توڑ گیا،ادھر دنیابھر میں فعال کیسز کی تعداد 70لاکھ 50 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ ہلاکتیں 8لاکھ 95 ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔بھارت میں گزشتہ روز 91 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے اور ہزار سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں، اس کے بعد بھارت برازیل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے مریضوں کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے ۔کینیڈا میں دوران پرواز فیس ماسک نہ پہننے کی وجہ سے دو مسافروں پر جرمانہ کر دیا گیا۔سعودی عرب میں کورونا کیسوں کی تعداد میں روزبروز کمی واقع ہورہی ہے اور مسلسل دسویں روز ایک ہزار سے کم کیسوں کا اندراج کیا گیا ۔چین میں دو کمپنیوں کی جانب سے بنائی گئی کورونا ویکسین کو پہلی بار ایک تجارتی میلے میں نمائش کیلئے پیش کردیا گیا، کمپنیوں کا خیال ہے کہ ٹرائل تھری کے بعد سال کے آخر میں ویکسین مارکیٹ میں آجائے گی۔سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا کا خطرہ اگلے تین سال تک رہے گا۔