اسلا م آباد ،لاہور،شیخوپورہ ،کراچی ، پشاور، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا کی تیسری لہرنے پاکستان میں مزید103افرادکی جان لے لی جبکہ اموات کی مجموعی تعداد14924ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 8.94فیصدہوگئی۔کوروناکے 3953نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد696184ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد63102ہو گئی،3645مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل618158صحتیاب ہو چکے ۔دریں اثنا کوروناسے متاثرہ اضلا ع میں پہلی سے آٹھویں تک کلاسوں کی بندش میں 28 اپریل تک توسیع کردی گئی جبکہ نہم سے 12ویں تک کلاسیں19اپریل سے سخت ایس اوپیزکیساتھ کھولنے کافیصلہ کرلیاگیا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے این سی اوسی کے اجلاس کے بعدمیڈیاکوبریفنگ میں بتایاکہ صوبے متاثرہ اضلاع کا فیصلہ کرینگے ، تعلیمی ادارے عید تک بند رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ 28اپریل کو ہوگا۔متاثرہ اضلاع میں یونیورسٹیاں بند رہیں گی اور اپنی تمام تر کلاسز آن لائن جاری رکھ سکیں گی، تاہم تمام جامعات کو یہ تجویز دی گئی ہے کہ وہ اپنے داخلے کے امتحانات کی تاریخ کو موخر کر دیں۔جواضلاع متاثرنہیں وہاں یونیورسٹیاں معمول کے مطابق کام کرتی رہینگی۔نہم سے بارہویں جماعت تک کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے سے ہونگے ۔پنجاب کے بورڈز نے جو مئی کے پہلے ہفتے سے امتحانی ڈیٹ شیٹ جاری کی ہے وہ بھی آگے چلی جائیگی۔ اس مرتبہ بورڈ کے امتحانات ضرور ہونگے ، اسلئے طلبہ تیاری کریں۔ گزشتہ سال ہمارے پاس پہلے سال کا ڈیٹا موجود تھا جس کی بنیاد پر ان کو پاس کیا گیا، اس سال ہمارے پاس ایسی کوئی چیز نہیں ۔ ملک کے 85 ہزار بچے ڈیٹ شیٹ اورایس اوپیز کے مطابق او لیول اور اے لیول کے امتحانات دینگے ۔ وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے ٹویٹ میں کہا کہ صوبہ کے 13 اضلاع میں پہلی جماعت سے آٹھویں جماعت کے طلبہ کیلئے سکول عید الفطر تک بند رہیں گے ، ان اضلاع میں لاہور، راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، سیالکوٹ، سرگودھا،فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رحیم یار خان، ڈی جی خان، اور شیخوپورہ شامل ہیں۔ 19 اپریل سے پنجاب کے متاثرہ 13 اضلاع میں تمام سکول نہم تا بارہویں جماعت مخض بروز پیر اور جمعرات کھولے جائینگے ۔ صوبے بھر کے تمام سکولوں میں نہم سے بارہویں،او لیول اوراے لیول کے امتحانات شیڈول کے مطابق لئے جائینگے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبہ کے 13 اضلاع میں پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ کیلئے سکول عید الفطر تک بند رکھنے کا نو ٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ۔ادھروزیرتعلیم خیبرپختونخواشہرام ترکئی نے بھی متاثرہ اضلاس میں مڈل تک کلاسزعیدالفطرتک بندرکھنے جبکہ نہم سے بارھویں تک امتحانات شیڈول کے مطابق لینے کااعلان کردیا۔تعلیمی اداروں کی بندش اور امتحانات کا معاملہ پر محکمہ ہائر ایجوکیشن نے بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق جامعات میں ان کیمپس تعلیمی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی تاہم آن لائن تعلیم جاری رہیگی۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 2221نئے کیس سامنے آگئے اورمزید88مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ اموات کی کل تعداد6675ہوگئی ۔ لاہورمیں 1172، قصور 15، شیخوپورہ 28، راولپنڈی 227، گوجرانوالہ76 ،سیالکوٹ 35، ملتان 108 اور فیصل آبادمیں98کیس سامنے آئے ۔ علاوہ ازیں برابری پارٹی کے سربراہ اور نامور گلوکار جواد احمد دوبارہ کورونا میں مبتلا ہوگئے اورخود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ۔لاہورمیں سول جج شہلا راشد کے ریڈر آصف کو بھی کورونا ہوگیا۔شیخوپورہ میں سوئی ناردرن گیس کمپنی کے مقامی آفیسر رائے شاہد کھرل بھی کورونا کے باعث انتقال کرگئے ۔ ڈسٹرکٹ کورٹس سیالکوٹ کے 3 ججز ایڈیشنل سیشن جج ظفریاب انور،ریاض احمد اور سول جج قمر الزمان تارڑ کو کورونا ہونے پر انکی عدالتیں سیل کر دی گئیں ۔ پنجاب کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں 56 فیصد وینٹی لیٹرز کورونامریضوں سے بھر گئے جبکہ لاہور کے ٹیچنگ ہسپتالوں کے آئی سی یو زمیں 75فیصد وینٹی لیٹرز بھر گئے اور ہائی ڈیپنڈینسی یونٹ کے 71فیصد بستر تشویشناک حالت کے مریضوں سے بھر گئے ۔علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے بھی ہفتے میں 2 دن بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ سیکرٹری پنجاب پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ہفتہ اور اتوار کے روز بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیاجس میں کہا گیا کہ 10 اپریل سے صرف گڈز، میڈیکل اور ایمرجنسی ٹرانسپورٹ کو چلنے کی اجازت ہوگی ۔علاوہ ازیں کمشنر لاہور کیپٹن (ر) عثمان کو موصول اوپیز کی خلاف ورزی کی شکایت پر سپیشل سکواڈ نے ایک ہوٹل کے تین کانفرنسز ہالز اور میٹنگ روم کو سیل کر دیا،وہاں ڈائننگ ہو رہی تھی۔دریں اثنا لاہور کے مختلف علاقوں میں سخت کارروائیاں کی گئیں ۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے کہا کہ مجموعی طور پر 21 دکانوں و سٹورز کو سیل کیا گیا۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں ماسک کی پابندی نہ کرنے پر ابتک مجموعی طور پر1167مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔ادھر وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے بھی کورونا پر قابو پانے کیلئے ٹرانسپورٹ معطل کرنے کی تجویز دیدی ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں28لاکھ80ہزارسے زائد ہو گئیں۔بھارت میں مزید630 اموات اور 115246نئے کیس، اداکارہ کترینہ کیف بھی کورونا میں مبتلا ہوگئیں اور خود کو قرنطینہ کرلیا ۔مہاراشٹر اور راجستھان کے بعد بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں بھی آج سے 30 اپریل تک رات کا کرفیو نافذ کردیا گیا۔ابوظہبی نے 13 ممالک سے آنیوالے افرادکو لازمی قرنطینہ کی پابندی سے استثنیٰ دیدیا ۔آئسولیشن کی شرط سے مستثنیٰ ملکوں کی فہرست میں آسٹریلیا، اسرائیل، سعودی عرب، چین، مراکش، آئس لینڈ، برونائی، ہانگ کانگ، گرین لینڈ، سنگاپور، جنوبی کوریا اور ماریشس وغیرہ شامل ہیں۔