اسلام آباد،لاہور،کراچی،کوئٹہ ،برسلز ، نیویارک،نئی دہلی،ریاض (جنرل رپورٹر ،نمائندہ 92نیوز،سٹاف رپورٹر، نیوزایجنسیاں،نیٹ نیوز) پاکستان میں کورونا کی مہلک وباسے مزید4افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد6383ہوگئی۔لاہور میں کورونا وائرس نے ایک بار پھر ڈاکٹرز پر حملہ کردیا ، شیخ زاید ہسپتال میں 9 ڈاکٹرز وائرس کا شکار ہو گئے جبکہ بھارت میں کورونا سے پارلیمنٹ بھی محفوظ نہ رہی ، لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے 30ارکان اور50سے زائد ملازم مہلک مرض میں مبتلا ہوگئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 اموات کے بعد جاں بحق مریضوں کی کل تعداد 6,383ہو گئی ۔ 539نئے مریض رپورٹ ہوئے اور 551 کی حالت تشویشناک ہے ۔ مریضوں کی کل تعداد302,020ہے جبکہ 289,806 صحتیاب ہو چکے ۔ایکٹو کیسز کی تعداد5831رہ گئی۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا سے مزیدکوئی ہلاکت نہیں ہوئی،تاہم 81نئے مریض سامنے آئے اور کل کیسز تعداد97,760 ہو گئی۔ شیخ زاید ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 3 روز قبل کورونا کے مریض داخل ہوئے تھے جس کے بعد 15 ہیلتھ پروفیشنلز کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں 9 ڈاکٹرز کورونا کا شکار ہوئے جن میں ڈاکٹر محمد عمر، احمد زمان، ارسلان، حیدر ، نعیم ، وقار احمد، شرجیل، حسن ، ماریہ یاسمین اور عبدالحنان شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق متاثرہ ڈاکٹرز نے گھروں میں قرنطینہ کر لیا جبکہ انکے رابطے میں آنیوالے 10 سے زائد طبی عملے کے بھی نمونے لئے گئے جن کی رپورٹ آنا باقی ہے ۔بلوچستان میں26 نئے کیس رپورٹ ہوئے اورمتاثرین کی تعداد 13621 ہوگئی۔محکمہ صحت سندھ نے صوبہ میں پھر کورونا کے خطرے کی گھنٹی بجادی ، وزیراعلیٰ سندھ کوارسال رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ 13دنوں میں کورونا متاثرین میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔سندھ میں ستمبر میں اب تک 2459 کیس سامنے آچکے اور 36 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔شاپنگ مالز ،مارکیٹس سے 488افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی اور دیہی اضلاع میں بھی کیسز میں اضافہ ہوا ۔یورپی یونین نے کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو 50 لاکھ یورو گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ یورپی یونین کے اعلامیہ کے مطابق رقم یونیسف کے ذریعے فراہم جبکہ سندھ اور بلوچستان میں شعبہ صحت پر خرچ ہوگی۔ادھربھارت میں مسلسل5 روز 90 ہزارسے زائد کورونا کیس رپورٹ ہونے کے بعد گزشتہ روز مزید 81,731نئے مریض سامنے آگئے جبکہ متاثرین کی کل تعداد 4,926,734 ہوگئی ،مزید 1073افراد ہلاک ہوگئے اورکل اموات 80,827ہوگئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ کے اجلاس سے قبل کورونا ٹیسٹ کرائے گئے ، دونوں ایوانوں کے 30 ارکان اور50 سے زائدملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ۔غیرملکی خبررساں اداروں کے مطابق دنیا بھر میں کورونا سے 931,078اموات ہو گئیں،کیسزکی تعداد29,371,248 ہوگئی۔ امریکہ میں مریضوں کی تعداد 6,732,002ہو گئی اور 198,771جان کی بازی ہار چکے ۔سعودی عرب نے آج سے اپنے شہریوں اور مکینوں کے بعض منتخب گروپوں کو بین الاقوامی سفر کی اجازت دیدی۔ادھر شام میں بھی حفاظتی اقدامات کیساتھ سکول کھل گئے جبکہ بغداد میں کئی ماہ سے بند ریسٹورنٹ بھی کھول دیئے گئے ۔