اسلا م آباد ،لاہور،راولپنڈی،کراچی(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید86افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد23295ہو گئی جبکہ کراچی سمیت سندھ بھرمیں 8اگست تک لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.8 فیصد رہی، 4537نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیسز62723ہو گئے ،3117مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید 1489مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔دریں اثنا کورونا ویکسی نیشن کا یومیہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 24گھنٹوں میں مزید 867226افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔ ابتک 2کروڑ87لاکھ 43225 ویکسین ڈوزلگائی جا چکی ہیں۔ ذرائع کے مطابق عیدالاضحیٰ پر ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے تشویشناک نتائج سامنے آرہے ۔ 24گھنٹوں میں 2 شہروں میں یومیہ کورونا شرح 20 سے زائد اور 3شہروں میں10فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی۔ کراچی میں یومیہ کوروناشرح23.51فیصد ، پشاورمیں 13.96، لاہورمیں 6.49 فیصد رہی۔ کورونا کی یومیہ بلند ترین36.47فیصدشرح سکردومیں ریکارڈ کی گئی جبکہ اسلام آباد میں 9.85 ، ، راولپنڈی میں 8.85 فیصد ریکارڈکی گئی۔ سیکرٹری سپیشلائزڈہیلتھ کیئر محمد عامر جان کے مطابق پنجاب میں مزید 372 مریض صحتیاب ہو گئے ۔لاہور سمیت مختلف اضلاع کیلئے گھر گھر کورونا ویکسی نیشن مہم میں مزید 3 اضلاع سیالکوٹ، گجرات اور سرگودھا کو بھی شامل کر لیا گیا جہاں 2 اگست سے مہم چلائی جائیگی۔ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق راولپنڈی کے 7 علاقوں میں 6 اگست تک سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیاگیا جبکہ آمد و رفت کنٹرولڈ کرنیکا فیصلہ کیا گیا۔ عمر بلاک فیز8،گلی نمبر16ڈھوک کھبہ نزد کمیٹی چوک،گلی نمبر19آریہ محلہ،گلی نمبر16نیو گلزار قائد،گلی نمبر1بنکر کالونی نزد عسکری 14،گلی نمبر5کے آر ایل اورگلی نمبر3نیو لالہ زار2واہ کینٹ کے علاقوں میں بڑے شاپنگ مالز،مارکیٹیں،تجارتی مراکز،سرکاری و نجی دفاتر اور ریستوران بند رہینگے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی بھی کورونا میں مبتلا ہو گئے اور خود کو قرنطینہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت کے ریڈر مدثرریاض، کلرک محمود، نائب کورٹ پولیس اہلکارجعفر شاہ کے علاوہ جسٹس بابر ستارکی عدالت کے ریڈر روحان اور کلرک عدنان کی کورونا رپورٹس بھی مثبت آئیں، جس پر دونوں عدالتوں کو بند کرکے ڈس انفیکٹ کردیاگیااور زیر سماعت کیسز ملتوی کردیئے گئے ۔ اداکارہ و ماڈل سنبل اقبال بھی کورونا میں مبتلا ہو گئیں۔لاہور سمیت پنجاب میں کورونا کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ صحت نے مختلف سیکٹرز کیلئے سپیشل ایس او پیز جاری کر دیئے ہیں۔ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 579نئے کیس سامنے آگئے جبکہ لاہور کے 9سمیت صوبہ میں مزید24مریضوں کی جان چلی گئی ۔ لاہور میں298، راولپنڈی 81، فیصل آباد میں25 کیس رپورٹ ہوئے ۔ صوبہ میں کورونا کی مجموعی مثبت شرح 3.3 ریکارڈ کی گئی۔ادھر وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے 8 اگست تک کراچی سمیت سندھ بھرمیں جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں صوبائی کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی کورونا وائرس ڈیلٹا نے دنیا بھرمیں مسئلے پیدا کردیئے ، کراچی میں اسکی شرح 100فیصد تک پہنچ گئی ،ڈیلٹا بڑا ہی خطرناک ہے ، یہ کم از کم 5 لوگوں کو متاثر کرتا ہے ، کراچی میں اس کے زیادہ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ اپیل ہے کہ عوام لاک ڈائون کو کامیاب کرنے میں حکومت کی مدد کریں۔مخصوص شعبوں میں لاک ڈائون ہوگا ۔صرف ویکسی نیشن کیلئے چھوٹی ٹرانسپورٹ کھلے گی،ریٹیل کاروبار بند رکھناہے ۔ہم کسی نقصان کے متحمل نہیں ہوسکتے ، ہمیں تھوڑی بہت قربانی دینی ہوگی، برآمدی صنعتوں کو کھلا رکھا جائیگا، بینکوں کو کم ازکم سٹاف کیساتھ کھلا رکھنے کیلئے لکھیں گے ، سٹاک ایکسچینج اور کراچی پورٹ کھلا رہے گا، کریانہ ومیڈیکل سٹور ،پٹرول پمپ، سبزیاں کی دکانیں، ٹھیلے وغیرہ اور روٹی کے تندور کھلے ر ہیں گے ، ریسٹورنٹس میں صرف ڈیلیوری کی اجازت ہوگی، اگلے ہفتے امتحانات نہیں ہونگے ۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق حکومت نے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق کل سے 8 اگست تک ہوگا۔ترجمان کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران صوبے کی تمام مارکیٹیں بند رہیں گی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کو بھی بند رکھا جائیگا جبکہ آئندہ ہفتے سے سرکاری دفاتر بند کر دیئے جائیں گے اور نجی دفاتر کو بند رکھا جائیگا جبکہ بغیر کسی وجہ کے لوگوں کے باہر نکلنے پر پابندی ہوگی۔ جو سرکاری ملازم ویکسین نہیں لگائے گا اس کو 31 اگست کے بعد تنخواہ نہیں ملے گی جبکہ سڑک پر نظر آنے والے شخص کا ویکسی نیشن کارڈ چیک کیا جائے گا۔ لاک ڈاؤن اور پابندیوں کا اطلاق سندھ بھر میں ہوگا۔ سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت صوبے بھر میں 31جولائی سے 8اگست تک جزوی لاک ڈاؤن ہوگا، غیر ضروری طور پرباہر نکلنے پر پابندی ہوگی، گھر سے باہر نکلنے والوں کیلئے ویکسی نیشن اورہر وقت قومی شناختی کارڈ کارڈ لازمی قرار دیا گیا، ماسک پہننا لازمی ہوگا ۔سندھ بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گئی ، گاڑی میں 2 سے زائد افراد سفر نہیں کر سکیں گے ۔ انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ،بین الصوبائی اور انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی، سماجی مذہبی سیاسی اجتماعات تقریبات پر پابندی ہوگی،تعلیمی ادارے ، کوچنگ سنٹرز،ٹیوشن سنٹرز بند رکھے جائینگے ۔،کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔ 9روز کیلئے سندھ میں شیڈول تمام امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں جبکہ ریسٹورنٹس سے صرف آن لائن ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔کریانہ، میڈیکل سٹورز، پٹرول پمپس،گوشت، پھل والے اور تندور کھلے رہیں گے ، دودھ، سبزی، ضروری آشیا کی دیگر دکانیں شام 6 سے صبح 6 تک بند رہیں گی۔ صنعتیں کھلی رہیں گی، میڈیا ورکرز کو ماسک پہن کر ا کام کی اجازت ہوگی۔ناگزیر مذہبی رسومات بشمول نماز جنازہ اور تجہیز و تدفین کے موقع پرایس او پیز کی سختی سے پابندی کرنا ہوگی اور تین فٹ سماجی فاصلے کو یقینی بنانا ہوگا، ایسے کسی بھی اجتماع میں قریبی عزیز و اقارب محدود تعداد میں شرکت کرسکیں گے اور علاقہ ایس ایچ او، اسسٹنٹ کمشنر اور ایس ڈی پی او کو پیشگی اطلاع دینا ہوگی۔،55سال سے زائد عمر کے ملازمین کے دفاتر آنے پرپابندی ہوگی ۔صوبے بھرکے سرکاری اور نجی دفاتر بند ہونگے ،صحت اورضروری سروسز فراہم کرنے والے اداروں کے علاوہ دفاتر بند ہونگے ۔ دفاترکے عملے کولانے کیلئے مختص گاڑی کواجازت لینی ہوگی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید24کورونا مریض انتقال کرگئے جبکہ 2862نئے کیسز میں سے 2267کراچی سے سامنے آئے ۔لاک ڈائون کے اعلان کے بعد سندھ کابینہ کا 3 اگست کو ہونیوالا اجلاس بھی ملتوی کردیا گیا۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور سربراہ این سی او سی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں کراچی کی بگڑتی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے کراچی میں کورونا کے پھیلائو پر تشویش کا اظہار کیا اور وائرس کے پھیلائوکو روکنے کیلئے ہر ممکن مدد کا فیصلہ کیا ۔ فورم کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کیلئے امددی اقدامات میں آکسیجن بیڈز اور وینٹی لیٹرز کے علاوہ آکسیجن کی دستیابی اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی تعیناتی سمیت ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر کے نفاذ کیلئے مصروف عمل ہے ۔آزاد کشمیر حکومت نے سیاحوں کو ریاست میں آنے کی مشروط اجازت دیدی، صرف کوروناویکسین سرٹیفکیٹ کے حامل 18 تا 60 سال کے افراد آزادکشمیر داخل ہوسکتے ہیں۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں42لاکھ20ہزار سے زائد ہو گئیں۔عالمی ادارہ صحت نے پاکستان سمیت15 ممالک میں کورونا کی چوتھی لہر کے پھیلنے تشویش کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ نئے کیسز ان افراد کے ہیں جنہوں نے ابتک ویکسین نہیں لگوائی۔چین میں کورونا کی نئی لہر نے بیجنگ سمیت پانچ صوبوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ،نانجنگ ایئرپورٹ پر وائرس پائے جانے پر انتظامیہ کی سرزنش کی گئی۔کورونا پابندیوں میں نرمی کے تحت سعودی عرب میں غیر ملکی سیاحوں کو یکم اگست سے داخلے کی اجازت دیدی گئی، فائزر، آسٹرازینیکا، موڈرنا ویکسین کی دونوں ڈوزز لگوانے والوں کو سعودیہ داخلے سے قبل سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا،ان کو قرنطینہ سے بھی مستثنیٰ قرار دیا گیا ۔