لاہور،ملتان (وقائع نگار،سپیشل رپورٹر )وزیر اعلی پنجاب نے کہا ہے کہ ہمارا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے ، ہم جوکہتے ہیں وہ کرتے ہیں،صوبے میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں کمی ہورہی ہے جبکہ وزیر اعلی نے ہسپتالوں میں او پی ڈیز،آپریشن تھیٹرز مکمل فنکشنل کرنے کیلئے حتمی پلان طلب کرلیا ۔ تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے عہدیداروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب نے کہا ہے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے ۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ہم جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں ۔ سابق حکمران جنوبی پنجاب صوبے کے نام پر اپنی سیاست چمکاتے رہے ۔ جنوبی پنجاب کے ترقیاتی فنڈز کسی دوسرے منصوبے یا شہر کو منتقل نہیں کئے جاسکتے ۔ ہمارا ہر لمحہ عوام کو بہتر مستقبل دینے کیلئے وقف ہے ۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے ۔ پارٹی کیلئے قربانیاں دینے والے عہدیدار ہمارے سر کا تاج ہیں۔ وفد میں تحریک ا نصاف جنوبی پنجاب کے صدر نور خان بھابھہ ، جنرل سیکرٹری علی رضا دریشک، نا ئب صدورمیاں فرزند علی،نعیم وڑائچ، سہیل خان، مصدق شاہ اور دیگر شامل تھے ۔ اس موقع پر سمیع اللہ چوہدری اور کرنل (ر) اعجاز حسین منہیس بھی موجود تھے ۔علاوہ ازیں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے پنجاب کے ہسپتالوں میں او پی ڈیز او رآپریشن تھیٹرز مکمل فنکشنل کرنے کے لئے محکمہ صحت سے حتمی پلان10 روز میں طلب کرلیاہے ۔انہوں نے کہاکہ او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز مکمل فنکشنل نہ ہونے سے مریضوں کو پریشانی کا سامناہے ۔ اﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم سے صوبے میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں کمی ہورہی ہے ۔کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایاجائے ۔انہوں نے کہاکہ صوبائی وزیر صحت اوپی ڈیز او رآپریشن تھیٹرز مکمل فنکشنل کرنے کے حوالے سے لیڈ لیں اور اس ضمن میں ہر ضلع میں فوکل پرسن بھی مقرر کیا جائے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے کراچی سٹاک ا یکسچینج پر فائرنگ اور دستی بم حملے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ہمیں سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخرہے ۔پاکستانی قوم ہر دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے متحدہے ۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر جھنگ راؤشکیل کے انتقال پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیاہے ۔