لاہور ،اسلام آباد،کراچی ( سٹاف رپورٹر ،نامہ نگارخصوصی ، خبر نگار خصوصی،92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک ) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہاہے سٹاک ایکسچینج نہیں، حکومت کی معاشی پالیسی ، اقدامات کریش ہوئے ہیں، منی بجٹ معیشت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، ہم منی بجٹ کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے ، منظور نہیں ہونے دینگے ،یہ منی بجٹ نہیں، معاشی تباہی، مہنگائی کا سیاہ طوفان ہے جو معیشت، صنعت ،روزگار اجاڑ دیگا ۔اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ قومی بجٹ کے موقع پر حکومت نے قوم، کاروباری برادری سے جھوٹ بولا ،سٹاک ایکسچینج میں 2000 پوائنٹس کا گرنا معاشی پالیسیوں پر عدم اعتمادکا ثبوت ہے ، سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوبنے کے ذمہ دار عمران ہیں ۔ شہباز شریف اور پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ، رہنمائوں نے ای وی ایم ، انتخابی اصلاحات،مہنگائی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ، رہنمائوں نے مستقبل میں رابطے جاری رکھنے ، قومی امور پر مل کر چلنے پر اتفاق بھی کیا۔شہبازشریف نے کہاکہ حکومت چل نہیں رہی ۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عوام کے حق کیلئے عوا م دوست قوتوں کے ملکر چلنے سے اتفاق کرتے ہیں۔ شہبازشریف نے عرب امارات کو قومی دن پر مبارک کا پیغام دیا ، انہوں نے کہاکہ عرب امارات نے قلیل عرصے میں ترقی کے حیرت انگیز سنگ میل عبور کئے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان نے کہا ہے کہ حکومت ناکام ہوچکی ، ناکامی قبول کرتے ہوئے شفاف انتخابات کر ا ئے ، حکومت نے ملک تباہ کردیا ۔ محمد زبیر نے بیان میں کہا ہے کہ معاشی اشاریے بغیر کمی کے مسلسل خراب ہورہے ہیں ۔ برجیس طاہر نے کہا کہ حکومت نے نیب کو کٹھ پتلی بنایا ہوا ہے ۔ ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ منی بجٹ پیش کرنے سے مہنگائی کاخطرناک طوفان برپا ہوگا،یہ منی بجٹ نہیں معیشت کوآئی ایم ایف کے حوالے کرنے کی سرینڈرڈاکومنٹ ہے ۔دریں اثناء مسلم لیگ ن نے 6 دسمبر کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں موقف اپنانے کے لیے سفارشات کی تیاری شروع کر دی۔ذرائع کے مطابق اہم رہنماؤں نے سفارشات کی تیاری کیلئے سر جوڑ لیے ، اہم نکات تیار کر لیے گئے ، ذرائع کے مطابق ن لیگ لانگ مارچ سے قبل استعفوں کی مخالفت کرے گی،لانگ مارچ سے قبل حکومت کے خلاف مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا آپشن بھی رکھا جائے گا، لانگ مارچ دسمبر کی بجائے مارچ کے مہینے میں کرنے کی تجویز دی جائے گی،مسلم لیگ ن پارلیمنٹ کے اندر اور باہر منی بجٹ کے خلاف دیگر جماعتوں کو بھی ساتھ ملانے کا آپشن رکھے گی۔